Aaj News

اسلام آباد ایئرپورٹ پر حجاج کرام کی وطن واپسی کا آپریشن 11 جون سے شروع ہو گا، آفتاب گیلانی

پوسٹ حج آپریشن 10 جولائی تک جاری رہے گا
شائع 10 جون 2025 11:47am

حجاج کرام کی وطن واپسی کے لیے پوسٹ حج آپریشن 11 جون سے باقاعدہ طور پر شروع ہو گا۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے منیجر آفتاب گیلانی کے مطابق وطن واپسی کی پہلی حج پرواز آج رات 11 جون کی صبح 3 بجے جدہ سے اسلام آباد پہنچے گی، جس میں مختصر دورانیہ کا حج کرنے والے 307 عازمین حج وطن واپس آئیں گے۔

آفتاب گیلانی کا کہنا ہے کہ پوسٹ حج آپریشن 10 جولائی تک جاری رہے گا اور ایک ہفتے بعد مدینہ منورہ سے بھی اسلام آباد کے لیے حجاج کی واپسی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس ایک ماہ طویل آپریشن کے دوران 30 ہزار سے زائد حجاج کرام اسلام آباد ایئرپورٹ پر واپس پہنچیں گے۔

ایئرپورٹ منیجر نے یقین دہانی کرائی کہ پوسٹ حج آپریشن کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ واپسی کے عمل کو سہل اور مؤثر بنایا جا سکے۔

islamabad international airport

Hajj Flight