Aaj News

حجاج کرام کی وطن واپسی کا آغاز آج سے ہوگا

پہلی پرواز11 بج کر 50 منٹ پر جدہ سے روانہ ہوگی
اپ ڈیٹ 09 جون 2025 11:58pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

حاجیوں کی وطن واپسی کا آپریشن آج سے شروع ہوگا، پہلی پرواز 10 جون کی شب 11 بج کر 50 منٹ پر جدہ سے روانہ ہوگی جو11 جون کی صبح 3 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔

سعودی عرب سے پاکستانی حاجیوں کی وطن واپسی کا فضائی آپریشن آج 10 جون سے شروع ہو رہا ہے۔ اس سلسلے کی پہلی حج پرواز رات 11 بج کر 50 منٹ پر جدہ سے روانہ ہوگی، جو 11 جون کی صبح 3 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔

پہلی پرواز سے 307 پاکستانی حاجی وطن واپس پہنچیں گے۔ حکام کے مطابق، 11 جون کو مجموعی طور پر 8 حج پروازیں مختلف شہروں میں حاجیوں کو لے کر پہنچیں گی۔ ان پروازوں کا استقبال اسلام آباد، لاہور، ملتان اور کراچی کے ایئرپورٹس پر کیا جائے گا۔

حج فلائٹ آپریشن 10 جولائی تک جاری رہے گا اور اس دوران تمام پاکستانی حاجی وطن واپس آ جائیں گے۔ سرکاری اسکیم کے تحت 88 ہزار 390 حاجیوں کو وطن واپس لایا جائے گا، جن کی واپسی کے لیے مجموعی طور پر 342 حج پروازیں شیڈول کی گئی ہیں۔

حج فلائٹ آپریشن میں پاکستان کی سرکاری اور نجی ایئر لائنز کے ساتھ ساتھ سعودی ایئر لائنز بھی حصہ لے رہی ہیں۔ آپریشن کے ایک ہفتے بعد مدینہ منورہ سے بھی حاجیوں کی واپسی کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔

Saudi Arabia

hajj 2025

paktani hajjaj