وزیراعظم کے برادر اسلامی ممالک کے سربراہوں سے رابطے، عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی
وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ پر مسلمان ممالک کے سربراہان سے ٹیلی فونک رابطے کیے، انھوں نے آذری صدرالہام علیوف، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان، کویتی ولی عہد شیخ صباح الخالد کوعید کی مبارک باد دی۔ وزیراعظم نے پاک بھارت بحران پر دوست ممالک کے کردار کوسراہا، دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک رابطہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے مصر کی قیادت، حکومت اور عوام کو عید کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران مصر کے تعمیری کردار اور امن کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی ایٹ سربراہی اجلاس کے لیے گزشتہ سال دسمبر میں اپنے دورہ قاہرہ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مصر کے ساتھ اپنے موجودہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مصر کے ساتھ کئی شعبوں بشمول تجارت ، سرمایہ کاری اور صحت میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔
مصر کے صدر نے وزیراعظم کی عید الاضحیٰ کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور اس پرمسرت موقع پر پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیاء میں امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ
وزیراعظم نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم نے ایرانی صدر اورعوام کو عید کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے رہبرآیت اللہ علی خامنہ ای کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور پاکستان بھارت بحران اور غزہ صورتحال پر بھی گفتگو کی۔
وزیراعظم نے صدر پیزشکیان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کی دعوت دی۔
وزیراعظم کا کویت کے ولی عہد کو ٹیلی فون
وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انھیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔
دونوں رہنماؤں نے اُمت مسلمہ کی سلامتی کے لیے دعا کی اور دو طرفہ تجارتی تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے ولی عہد کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔ پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا کی سہولت میں نرمی پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کا اردن کے بادشاہ سے ٹیلیفونک رابطہ
وزیراعظم نے اردن کے بادشاہ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے حالیہ پاک بھارت بحران پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کا ذکر کیا کیا۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔
انھوں نے شاہ عبداللہ دوم کو پاکستانی نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور پاکستان کے دورہ کی دعوت دی۔
وزیراعظم کا بحرین کے بادشاہ سے رابطہ
وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کے بادشاہ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم نے بحرین کی قیادت اور عوام کو عید کی مبارکباد دی اور بحرین کے بادشاہ کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی اور کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔
وزیراعظم کا امیر قطر سے ٹیلیفونک رابطہ
وزیراعظم شہباز شریف عیدالاضحی پر امیر قطرسے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا، انھوں نے امیر قطر اور عوام کو عید مبارک پیش کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
امیر قطر نے وزیراعظم کی عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا، انھوں نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے اور جلد ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور ملائشیا کے وزیراعظم کو بھی ٹیلی فون کیا، وزیراعظم نے پاکستان بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران ملائیشیا کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
Aaj English














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔