Aaj News

وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشین ہم منصب کو ٹیلی فون، پاک بھارت کشیدگی پر حمایت کا شکریہ

پاکستان جموں و کشمیر سمیت دیگر مسائل پر بھارت سے بات کرنے کو تیار ہے، وزیراعظم
اپ ڈیٹ 07 جون 2025 02:08pm

وزیراعظم شہباز شریف نے ملائشیا کے وزیراعظم کو ٹیلی فون کیا اور پاکستان بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران ملائیشیا کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کو ترجیح دی ہے، مگر بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو پامال کرنے کی کوشش کی گئی، جس پر پاکستان نے سنجیدہ اور موثر ردعمل دیا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان جموں و کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل پر بھارت سے مذاکرات کے لیے ہمیشہ تیار ہے، مگر بات چیت برابری کی سطح پر اور باہمی احترام کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔

وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ عالمی برادری، خاص طور پر مسلم ممالک، جنوبی ایشیا میں قیام امن کے لیے مثبت کردار ادا کریں گے۔

** اس سال کے آخر میں ملائیشیا کے دورے کا شدت سے منتظر ہوں، شہباز شریف**

ٹیلی فونکی گفتگو کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کی ملائیشیا کے وزیراعظم کے ساتھ عید الاضحیٰ کے موقع پر ایک خوشگوار اور مثبت ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور امت مسلمہ کے اتحاد، غزہ میں امن اور مظلوم فلسطینیوں کے لیے دعا بھی کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گفتگو کے دوران پاکستان کی امن کی خواہش کا اعادہ کیا گیا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔

شہباز شریف نے بتایا کہ ٹیلیفونک رابطے میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ وہ اس سال کے آخر میں ملائیشیا کے ممکنہ دورے کے لیے پُرعزم اور پُر امید ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملائیشیا کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید گہرے ہو رہے ہیں اور ان تعلقات کو نئے تجارتی، اقتصادی اور دفاعی میدانوں میں وسعت دینا دونوں ممالک کی ترجیح ہے۔

PM Shehbaz Sharif

malaysian prime minister