Aaj News

پنجاب میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری، ضلعی انتظامیہ اور محکمے ہائی الرٹ پر

پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے، محکمہ موسمیات
شائع 07 جون 2025 09:03am

پنجاب میں آج سے 12 جون تک شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نے تمام متعلقہ اداروں کو فوری طور پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔

ریلیف کمشنر کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 سمیت تمام ادارے ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر الرٹ رہیں اور عوام کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے ایام میں گرمی کی شدت غیرمعمولی حد تک بڑھنے کا امکان ہے، جس سے شہریوں کی صحت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 7 سے 12 جون تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت میں خطرناک حد تک اضافہ متوقع ہے، جو ہیٹ ویو میں بدل سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دوپہر کے اوقات میں باہر نکلنے سے گریز کریں، ہلکے اور کھلے کپڑے پہنیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور دھوپ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر، درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری تک بڑھنے کا امکان

ادھر محکمہ موسمیات نے بھی خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے۔ عید کے موقع پر قربانی کے دوران اور دیگر سرگرمیوں میں عوام کو خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام ہسپتالوں، ایمبولینس سروسز، واٹر سپلائی سسٹمز اور ٹریفک کنٹرول سینٹرز کو الرٹ کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔

lahore

punjab

Heatwave