وزیراعظم 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، اہم ملاقاتیں اور مذہبی مناسک کی ادائیگی متوقع
وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر 2 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں ان کی اہم ملاقاتیں اور مذہبی مناسک کی ادائیگی متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سرکاری وفد اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے ہمراہ سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچے، جہاں ڈپٹی گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔
اس کے علاوہ پاکستانی سفیر احمد فاروق اور قونصل جنرل خالد مجید نے بھی وزیراعظم کا خیرمقدم کیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ 5 اور 6 جون پر مشتمل ہے۔
وزیراعظم دورے کے دوران عید الاضحیٰ سعودی عرب میں منائیں گے وہ عیدالاضحیٰ کی نماز مسجد الحرام میں ادا کریں گے جبکہ وزیراعظم اور وفد روضۂ رسول ﷺ پر حاضری کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات متوقع ہے، ملاقات میں دونوں ملکوں کے باہمی تعاون کے فروغ پر اہم گفتگو ہوگی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان خصوصی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے علاوہ امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور علاقائی امن و سلامتی سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف حالیہ پاک بھارت تنازع کو کم کرنے میں تعمیری کردار پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی دورہ سعودی عرب کے دوران ان کے ہمراہ موجود ہے جس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر ، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر اظہار تشکر کے لیے گزشتہ ماہ کے اختتامی ہفتے میں ترکی، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔