Aaj News

کے الیکٹرک کا کم بلنگ پر لوڈ شیڈنگ کرنا اجتماعی سزا دینے کے برابر ہے، شرجیل میمن

کسی ایک نے بل ادا نہیں کیا تو سزا سب کیوں بھگتے، سینئرصوبائی وزیر سندھ
اپ ڈیٹ 03 جون 2025 07:08pm
اسکرین گریب تصویر
اسکرین گریب تصویر

شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کا کم بلنگ پر لوڈ شیڈنگ کرنا اجتماعی سزا دینے کے برابر ہے، سندھ میں اس گرمی میں بھی 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، کسی ایک نے بل ادا نہیں کیا تو سزا سب کیوں بھگتے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن سائیٹ انڈسٹری ایسوسی ایشن کے دفتر پہنچے، سائیٹ انڈسٹری ایسوسی ایشن کے عہدیدارن نے استقبال کیا، سینئر وزیر شرجیل نے صنعتکاروں اور تاجروں سے ملاقات کی اور ملکی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل بہت زیادہ ہیں۔ سندھ حکومت کے کراچی کے لئے کئی میگا پروجیکٹ چل رہے ہیں۔ آج بھی ہر صوبے کے لوگ روزگار کمانے کراچی آتے ہیں۔ ہمارے پاس بہترین مواقع ہیں۔ کراچی میں روزگار کے بڑے مواقع ہیں، کمی کوتاہی کو تسلیم کرتے ہیں، وزیراعلی سندھ نے سندھ کے مسائل پر وفاق سے دوٹوک بات کی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ میں صحت عامہ کی سہولیات ملک میں بہترین ہیں۔ سیلاب متاثرین کے لیے ابتک ساڑھے 8 لاکھ گھر بنا چکے ہیں، سندھ حکومت کی جانب سے 21 لاکھ گھر بنائے جا رہے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ دو ہفتے کے بعد شاہراہ بھٹو قائد آباد تک مکمل ہو جائے گی، سندھ میں اس گرمی میں بھی 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، کسی ایک نے بل ادا نہیں کیا تو سزا سب کیوں بھگتے۔

انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ منفی پروپیگنڈا کرتے ہیں کہ پی پی کراچی میں کچھ نہیں کرتی، سیاست اور پرامن احتجاج کرنے کا حق سب کے پاس ہے، پارکس اور گراؤنڈ میں احتجاج کرنا ہے تو کر لیں۔ انھوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی پاکستان کا اثاثہ ہے، پیپلز پارٹی بزنس فرینڈلی پالیسی بناتی ہے کراچی کے لیے میگا پراجیکٹس کا منصوبہ زیرغور ہے۔

سینئر صوبائی وزیر سندھ نے کہا کہ احتجاج کے دوران سڑک بند کرنے کی اجازت نہیں دینگے، لوڈشیدنگ پر سڑک بند کرنے سے کیا بجلی بحال ہوگی۔ کے الیکٹرک کا کم بلنگ پر لوڈ شیڈنگ کرنا اجتماعی سزا دینے کے برابر ہے۔

کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حیسکو ، سیپکو اور کےالیکٹرک شہریوں کو اجتماعی سزا دیتی ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے سائٹ ایریا کے روٹس پر بسیں بھی چلانے کا اعلان کیا۔

تقریب سے کراچی چیمبر آف کامرس صدر جاوید بلوانی نے خطاب میں کہا کہ کراچی کی بدقسمتی ہیوی ٹریفک کی ابتر صورتحال ہے، کراچی میں رنگ روڈ بن جائے تو شہر کا بڑا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

کراچی کے تاجروں نے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے کراچی سرکلر ٹرین منصوبے پر زور دیا، تقریب سے سابق صدر کراچی چیمبر مجید عزیز، ہارون بشیر اور زبیر موتی والا نے بھی خطاب کیا۔

karachi

K Electric

Sharjeel Memon