Aaj News

کراچی: چینی کانوائے پر خودکش حملہ کیس، حتمی چالان جمع نہ ہونے پر عدالت برہم

عدالت نے تفتیشی افسر کو 10 جون تک مہلت دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا
شائع 03 جون 2025 09:11am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں کراچی ایئرپورٹ کے قریب چینی باشندوں کے کانوائے پر خودکش حملے کے مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے حتمی چالان پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ پانچ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن حتمی چالان اب تک پیش نہیں کیا جا رہا۔ عدالت نے سوال اٹھایا کہ ہر بار مہلت مانگی جاتی ہے، آخر کب تک صرف وقت ہی مانگا جاتا رہے گا؟

ملزمہ کے وکیل شوکت حیات ایڈووکیٹ نے بھی عدالت میں شکایت کی کہ بار بار تاریخیں دی جا رہی ہیں لیکن پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔

تفتیشی افسر نے ایک بار پھر عدالت سے مہلت طلب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اگلی سماعت پر حتمی چالان جمع کرا دیا جائے گا۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو 10 جون تک مہلت دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2024 میں کراچی ایئرپورٹ کے قریب چینی باشندوں کے کانوائے پر خودکش حملہ کیا گیا تھا، جس میں پولیس کے مطابق ملزمہ گل نساء اور جاوید کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ دونوں پر خودکش حملے میں سہولت کاری کا الزام ہے۔

karachi

ATC

Airport

chalan

Suicide attack case