Aaj News

بھارت میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے واقعات پر پاکستان کی شدید تشویش

بھارت اپنے تمام شہریوں کے حقوق اور تحفظ کو یقینی بنائے،ترجمان دفتر خارجہ
شائع 31 مئ 2025 11:03am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ان واقعات میں خطرناک حد تک اضافے کو گہری نظر سے دیکھ رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے، نفرت انگیز تقاریر، امتیازی پالیسیوں اور ریاستی سرپرستی میں ہونے والی کارروائیاں نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ علاقائی استحکام کے لیے بھی خطرہ ہیں۔

ترجمان نے کہا پاکستان بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبک رجحانات پر شدید تشویش رکھتا ہے اور بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ تمام شہریوں کے مذہبی آزادی، تحفظ اور مساوی حقوق کو یقینی بنائے خواہ ان کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔

دفتر خارجہ نے زور دیا کہ ایسے وقت میں جب دنیا کو تحمل، مفاہمت اور بین المذاہب ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے، مذہبی منافرت کو سیاسی یا نظریاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔

ترجمان نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی انتہاپسندی کا نوٹس لے اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات یقینی بنائے۔

india

Islamophobia

human rights

MINISTRY OF FOREIGN AFFAIRS