Aaj News

سندھ ہائی کورٹ کا کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں میرٹ پر سی ای او کی تعیناتی کا حکم

عدالت نے افسران کی معطلی کا عبوری حکم امتناع بھی واپس لے لیا،افسران کو کام سےروکنےسےشہریوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، عدالت
شائع 30 مئ 2025 01:46pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اعلیٰ عہدوں پر افسران کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے دو ماہ میں میرٹ پر مستقل چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کی تعیناتی کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ مستقل تعیناتی تمام قانونی و انتظامی قواعد کی مکمل تکمیل کے بعد کی جائے۔ ساتھ ہی عدالت نے افسران کی معطلی سے متعلق عبوری حکم امتناع واپس لے لیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن 2023 کے ایکٹ کے تحت کام کر رہا ہے اور دونوں افسران کی تعیناتی میں کسی قانون کی صریح خلاف ورزی نہیں پائی گئی۔

عدالت نے مزید کہا کہ شہریوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے اور ادارے کی کارکردگی پر بات کی جا سکتی ہے، تاہم یہ معاملہ براہ راست عوامی مفاد سے متعلق نہیں۔سینیئر افسران کو کام سے روکنا ممکنہ طور پر شہریوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔عدالت صرف اُس وقت انتظامی امور میں مداخلت کرے گی جب قانون کی واضح اور سنگین خلاف ورزی سامنے آئے۔

فیصلے میں سندھ حکومت کی جانب سے غیر سنجیدگی پر بھی برہمی کا اظہار کیا گیا۔ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ درخواست جنوری سے زیر التوا تھی مگر سندھ حکومت اور واٹر کارپوریشن نے اس پر مناسب توجہ نہیں دی۔ عدالتی حکم امتناع کے بعد ہی متعلقہ ادارے متحرک ہوئے۔

سرکاری وکیل نے آگاہ کیا کہ مستقل سی ای او کی تعیناتی کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جس پر عدالت نے امید ظاہر کی کہ تمام قانونی تقاضے پورے کر کے تعیناتی کی جائے گی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت اگست کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔

karachi

CEO

Sindh High Court

KWSC