Aaj News

ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی، بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

خیبرپختونخوا میں آندھی اور طوفانی بارش سے تباہی، 4 افراد جاں بحق ہو گئے
شائع 30 مئ 2025 08:38am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ کراچی سمیت میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، لاہور، ملتان، حیدرآباد اور سکھر سمیت جنوبی اور وسطی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کئی درجے بلند رہنے کا امکان ہے، جہاں شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا ہے۔

دوسری جانب بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

گزشتہ روز مری میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی اور طوفانی بارش نے تباہی مچا دی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث مختلف حادثات میں چار افراد جاں بحق اور دس زخمی ہو گئے۔ پشاور، چارسدہ، مردان، اور نوشہرہ میں درخت اور سائن بورڈ گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

جولائی تا ستمبر ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی

ادھر پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تیز آندھی اور ہلکی بارش سے درجہ حرارت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، مگر شہریوں کو گرمی اور حبس کا سامنا بدستور جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

karachi weather

Hot Weather

rainy weather

Weather Updates