Aaj News

رحیم یار خان: کچے کے علاقے میں پولیس کا کامیاب آپریشن، 3 سالہ مغوی بچہ بازیاب

فائرنگ کے تبادلے کے بعد ڈاکو بچہ چھوڑ کر فرار، والدین کا پولیس سے اظہار تشکر
شائع 29 مئ 2025 04:38pm

پنجاب پولیس کے رحیم یار خان کچے کے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن میں پولیس نے ڈاکوؤں سے 3 سالہ مغوی بچہ بحفاظت بازیاب کروا کے اہلخانہ کے حوالے کر دیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رحیم یار خان کچہ میں انٹیلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں سے 3 سالہ مغوی بچہ زین بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔

ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں نے آپریشن کی قیادت کی، اس دوران پولیس اور کچہ کریمینلز میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے بعد ملزمان پسپائی اختیار کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

بچے کی بازیابی کے بعد ڈی پی او عرفان سموں 3 سالہ زین کو لیکر اس کے گھر پہنچ گئے اور بچہ ورثاء کے حوالے کیا۔ بچے کو دوبارہ پا کر والدین اور اہلخانہ نے پولیس کو دعائیں دیں۔

ڈی پی او عرفان علی سموں کا کہنا تھا کہ پولیس نے 3 سالہ زین کی بازیابی کا چیلنج قبول کیا جس میں اللہ تعالی نے ہمیں سرخرو کیا، پولیس کی موثر کارروائی پر ملزمان بچے کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

Punjab police

rahim yar khan

Police operation