Aaj News

بھارتی جارجیت کا بھرپورجواب دیا، پاکستان کی فتح آذربائیجان میں جشن کے طور پر منائی جا رہی ہے، عطا تارڑ

پوری قوم اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہے کہ پاکستان ایک بار پھر سرخرو ہوا، آذربائیجان میں میڈیا سے گفتگو
اپ ڈیٹ 28 مئ 2025 05:13pm

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کی حالیہ جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا اور پوری قوم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہے کہ پاکستان ایک بار پھر سرخرو ہوا۔ انہوں نے یہ بات آذربائیجان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جہاں یومِ جمہوریہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کا یومِ تکبیر بھی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں اس وقت جشن کا سماں ہے، پاکستان کی فتح کو یہاں خوشی کے طور پر منایا جا رہا ہے اور لوگوں کے دلوں میں پاکستان کے لیے خاص جذبہ موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور آذربائیجان کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دور میں پاکستان کے بیرونی تعلقات میں واضح بہتری آئی ہے اور دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔

پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کا سہ فریقی اجلاس: تینوں ممالک اعلیٰ اقدار، امن اور انصاف کیلئے ساتھ کھڑے ہیں، شہباز شریف

عطا تارڑ نے کہا کہ آذربائیجان میں موجود پاکستانی کمیونٹی اور مقامی عوام نے یومِ تکبیر کو جس انداز سے منایا ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی دفاعی کامیابیاں نہ صرف ملک میں بلکہ بیرونِ ملک بھی باعثِ فخر سمجھی جاتی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شکست خوردہ بھارت اس وقت طرح طرح کے بیانات دے کر اپنی خفت مٹانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستان نے مضبوط دفاعی حکمتِ عملی اور قومی یکجہتی سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

عطا تارڑ نے ایک بار پھر دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت کی ہر جارحیت کا جواب دیا جائے گا، پاکستان کے دشمنوں کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ ہم نہ صرف امن چاہتے ہیں بلکہ اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جانے کا حوصلہ بھی رکھتے ہیں۔

Azerbaijan

Atta Tarar

media talks