Aaj News

خیبرپختونخوا میں ہلکی اور تیز بارش کا امکان، پشاور سمیت میدانی اضلاع میں موسم جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے
اپ ڈیٹ 28 مئ 2025 09:44am

پشاور کا موسم مہربان یا پریشان؟ خیبر پختونخوا کے بادلوں کی نئی چالیں

خیبر پختونخوا میں موسم کا مزاج پھر بدلنے لگا، کہیں بادلوں کا بسیرا، تو کہیں بارش کی ہلکی دستک، محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت میں کمی کی نوید سنا دی۔ صوبے کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

صوبائی دارالحکومت پشاور میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، اور شام کے وقت مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور صوابی میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دن کے اوقات میں پارہ 38 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جو گرمی کے احساس میں مزید اضافہ کر سکتا ہے۔

جنوبی اضلاع میں بھی موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم شدید گرمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈیرہ اسماعیل خان میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سب سے کم مالم جبہ میں 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

بارش کے اعدادوشمار میں مالم جبہ 26 ملی میٹر کے ساتھ سرفہرست رہا، پشاور میں 23 ملی میٹر اور کاکول میں 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں موسم کی یہی کیفیت برقرار رہنے کا امکان ہے، شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گرد آلود ہواؤں اور گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش اور آندھی کی تباہ کاریاں، مختلف حادثات میں بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں، موسلا دھار بارش اور آندھی نے تباہی مچادی۔ مختلف حادثات میں دو معصوم بچوں سمیت کم از کم چار افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ صوابی، شانگلہ، نوشہرہ، ہری پور، مانکی، اور لوئر کوہستان سمیت کئی علاقوں میں دیواریں، درخت اور چھتیں گرنے کے باعث قیامت خیز مناظر دیکھنے کو ملے۔

پشاور، مردان، چارسدہ، اور ایبٹ آباد سمیت متعدد شہروں میں بادل خوب گرجے برسے، جبکہ تیز ہواؤں نے درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو زمین بوس کردیا۔ کئی مقامات پر سولر پینلز تک اُڑ گئے۔ آندھی کے باعث ایک وین کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔

صوابی کے گاؤں مانکی میں چھت گرنے سے دو سالہ بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جب کہ دیگر زخمیوں کو باچا خان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق مختلف حادثات میں کم از کم 58 افراد کو طبی امداد دی گئی۔ شانگلہ میں گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ نوشہرہ میں دیوار گرنے کے دو واقعات میں ایک شخص جان سے گیا جبکہ دو زخمی ہوئے۔

ہری پور میں بھی ایک بچہ دیوار کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوا۔ آندھی اور بارش نے مویشیوں کو بھی نہ بخشا، سری گاؤں میں ایک گھر کی دیوار گرنے سے بیس بکریاں ہلاک ہو گئیں۔

ادھر لوئر کوہستان اور لنڈی کوتل میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ تحصیل غازی کے درہ موہٹ میں طوفانی پانی کے باعث سات کشتیاں الٹ گئیں جبکہ شاہراہِ قراقرم مختلف مقامات پر مٹی کے تودے گرنے سے بند ہو گئی، جس سے سفری مشکلات مزید بڑھ گئیں۔

ایک طرف جہاں قدرتی آفات نے تباہی مچائی، وہیں سیاحوں کیلئے بابوسر ٹاپ پر غیر متوقع برفباری خوشگوار حیرت کا باعث بنی۔ مئی کے مہینے میں جنوری جیسے مناظر دیکھ کر سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے اور سوشل میڈیا پر برف سے ڈھکی پہاڑیوں کی ویڈیوز وائرل ہو گئیں۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

KPK

Weather Updates

heavy Storm