Aaj News

پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 27 سال مکمل، ملک بھر میں ’یومِ تکبیر‘ جوش و جذبے سے منایا گیا

سول اور عسکری قیادت کی قوم کو مبارکباد
اپ ڈیٹ 28 مئ 2025 09:01pm

پاکستان کے ایٹمی تجربات کو آج 27 برس مکمل ہو گئے ہیں اور قوم نے آج 28 مئی کو یومِ تکبیر ملی جوش و جذبے سے منایا۔ ملک بھر میں یوم تکبیر پرتقریبات اور ریلیاں، ایٹمی سائنسدانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ وفاقی و صوبائی سطح پر تقریبات، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ چاغی کے پہاڑ آج بھی اس جرات مندانہ فیصلے کے گواہ ہیں، جب پاکستان نے دنیا کی ساتویں اور مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر نئی تاریخ رقم کی تھی۔ عسکری قیادت نے پیغام میں کہا پاکستان کا جوہری پروگرام دفاعی مقاصد کے لیے ہے۔

28 مئی 1998 کو اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں پانچ کامیاب ایٹمی دھماکے کیے تھے، جو بھارت کے پانچ دھماکوں کا دوٹوک جواب تھے۔ یوں پاکستان نے نہ صرف اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا بلکہ جنوبی ایشیا میں تزویراتی توازن بھی بحال کیا۔

نیوکلئیر بم سے بھی خطرناک ہتھیار، جس سے دنیا خوفزدہ ہے

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ تکبیر پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ”آج کا دن ہماری قومی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا دن ہے۔“ انہوں نے سائنسدانوں، انجینئرز، سول و عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہید ذوالفقار علی بھٹو و شہید بینظیر بھٹو کی بصیرت کو سراہا، جنہوں نے ایٹمی پروگرام کو بنیاد اور سمت دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو یومِ تکبیر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ”پاکستان اس مرتبہ یومِ تکبیر ایک تاریخی موقع پر منا رہا ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے ہم 6 تا 10 مئی کے معرکہ حق میں کامیاب ہوئے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر نکلے۔“ وزیراعظم نے کہا کہ 1998 میں نوازشریف نے جراتمندانہ فیصلہ کرتے ہوئے عالمی دباؤ کو مسترد کیا اور چھ ایٹمی دھماکے کیے، جس سے پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بن گیا۔

مسلح افواج اور سروسز چیفس نے بھی اپنے پیغام میں پاکستانی قوم کو یومِ تکبیر کی مبارکباد دی اور کہا کہ ”ہم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے مکمل تیار اور پرعزم ہیں۔“ ان کا کہنا تھا کہ یومِ تکبیر ہمیں اُس لمحے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان نے جوہری طاقت بن کر عالمی برادری میں اپنی حیثیت منوائی، اور یہ صلاحیت ایک قومی امانت ہے۔

ایک انجینئر کا دوغلاپن، جس نے تائیوان کا نیوکلئیر ہتھیاروں کا پروگرام بند کروا دیا

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 28 مئی کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہری باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاغی کے پہاڑ آج بھی اس حقیقت کے گواہ ہیں کہ پاکستان نے عالمی دباؤ، اقتصادی پابندیوں اور خطرات کے باوجود جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹمی قوت بننے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یومِ تکبیر صرف ایک دن نہیں بلکہ ہمت، اتحاد اور قربانی کی وہ علامت ہے جو پاکستانی قوم کو ہر چیلنج سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ دیتی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کی حالیہ بلا اشتعال جارحیت اور 10 مئی کے واقعات دشمن کے لیے واضح پیغام ہیں کہ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”ایٹمی طاقت کا حصول محض تکنیکی ترقی نہیں بلکہ امن کے ذریعے طاقت کے توازن کا حکیمانہ فیصلہ تھا۔“

تیسری جنگ عظیم میں نیوکلئیر حملے کی صورت میں دنیا اور پاکستان کے سب سے محفوظ مقامات کونسے؟

یوم تکبیر پر ملک بھر میں مختلف تقریبات اور ریلیاں

بلوچستان میں یوم تکبیر بھرپوراندازمیں منایا گیا۔ یوم تکبیر مختلف تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں، بزرگوں اورخواتین نے بھرپورشرکت کی۔

چاغی کے مقام پر بھی خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جہاں قومی پرچم کے سائے تلے ایک بار پھر وطن کی سالمیت، خودمختاری اور امن کے عزم کی تجدید کی گئی۔ اوستہ محمد، حب، سبی، کوہلو میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

پنجاب کے شہروں جھنگ، ملکوال، شیخوپورہ، لالیاں، شرقپورشریف، ڈی جی خان، بہاولنگر، حافظ آباد، عارف والا، اوکاڑہ، وہاڑی، ننکانہ صاحب میں تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

ضلع کونسل جھنگ میں میں پرچم کشائی کی تقریب میں سول سوسائٹی، طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ملکوال اور اٹک میں خصوصی تقریب کیک کاٹا گیااور ریلی نکالی گئی۔

لالیاں اور شرقپورشریف میں میونسپل کمیٹی سے اقصی’ چوک تک بڑی ریلی نکالی گئی، شرکا نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

سندھ کے شہروں لاڑکانہ، گھوٹکی، سکھر، سجاول سیہون میں ریلیوں انعقاد کیا گیا۔ سکھر میں ریلی کے شرکاء نے مودی کا پتلا نذر آتش کیا۔

سیہون میں اسکول کے بچوں نے معرکہ حق میں کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔

خیبر پختونخوا کے شہروں کرک، ملاکنڈ، کوہاٹ اور سوات میں واک اور ریلیوں میں عوام نے بھرپور شرکت کی۔

مالاکنڈ میں ریلی کے شرکاء نے محسن پاکستان ڈاکٹرعبدلقدیرخان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر منصور شاہ نے کہا یوم تکبیر ہماری قومی تاریخ کا سنہرا دن ہے۔

شرکا کہنا تھا بلوچستان میں چاغی کے پہاڑوں سے اللہ اکبر کی بلند ہونے والی صدا آج بھی پاکستانی قوم کا عہد بن کر گونج رہی ہیں۔

پاکستان

Nuclear power

Youm e Takbir