Aaj News

علی امین گنڈاپورکے بیان پر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا ردعمل سامنے آگیا

علی امین گنڈا پور قائد عوام شہید بھٹو کے خلاف زبان درازی سے گریز کریں، شرجیل میمن
شائع 27 مئ 2025 08:52pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

علی امین گنڈاپورکے بیان پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا ردعمل سامنے آ گیا، انھوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور قائد عوام شہید بھٹو کے خلاف زبان درازی سے گریز کریں، پیپلز پارٹی کے کارکنان کے جذبات سے کھلواڑ نہ کریں تو اچھا ہے، بھٹو کا نظریہ اور قربانی آج بھی زندہ ہے۔

وزیراعلٰی خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور کے بیان پر سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ محض چیخ و پکار، جھوٹ اور یوٹرن سے بھرا ہوا ہے، ریڈ زون کی ایس او پیز کی آڑ میں کارکنان پر شیلنگ غیر جمہوری عمل ہے، پرامن مظاہرین پر شیلنگ کسی ایس او پی نہیں، آمریت پسند ذہنیت کا ثبوت ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ریڈ زون میں جانا بھی ایک سیاسی اظہار تھا، پی ٹی آئی کی ”جمہوریت پسندی“ صرف اپنے مفاد تک محدود ہے، جنہیں کل اسلام آباد میں کنٹینر توڑنے کی مکمل آزادی حاصل تھی، آج وہی ریڈ زون کی دیواروں کے محافظ بنے بیٹھے ہیں، شہید بھٹو کو تاریخ نے نہیں آمریت نے پھانسی چڑھایا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر پی ٹی آئی کا احتجاج: گولیاں چلیں گی تو ہم بھی اسلحہ لائیں گے، علی امین گنڈاپور

سینئر صوبائی وزیر سندھ نے کہا کہ وہی آمریت جس کے کاندھوں پر بیٹھ کر پی ٹی آئی نے حکومت بنائی تھی، عدالتیں خود فیصلے دے چکی ہیں، جیل میں بے گناہی کا بیانیہ سیاسی مظلومیت کی دکان چمکانے کی کوشش ہے، پی ٹی آئی والے جس سسٹم کی کوکھ سے وہ نکلے آج اسی پر الزام لگا رہے ہیں۔

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا کوئی بیانیہ نہیں، اس کی پوری سیاست ناکام تحریک ہے، ناکام قیادت، اور ناکام سیاسی اخلاقیات کا مظہر ہے۔

Ali Amin Gandapur

Sharjeel Memon