Aaj News

ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، پاکستان میں عید الاضحٰی 7 جون کو ہوگی

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کردیا
اپ ڈیٹ 27 مئ 2025 09:25pm

پاکستان کے کسی بھی شہر سے ذی الحج 1446 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد ملک بھر میں عید الاضحی 7 جون بروز ہفتے کو ہوگی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کردیا۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس عید الاضحیٰ کا چاند دیکھنے کے لیے اسلام آباد میں منعقد ہوا، زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس صوبائی دارلحکومتوں میں ہوئے۔

اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی، محکمہ اسپارکو، موسمیات اور دیگر محکموں کے ممبران معاونت کے لیے موجود تھے جبکہ زونل ہلال کمیٹی کے ارکان بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران چاند کی رویت سے متعلق اعلان کیا۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ آج ملک کے اکثر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہا، ملک کے کسی بھی مقام سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، اتفاق رائے سے طے کیا گیا کہ یکم ذی الحج 29مئی کو ہوگی جبکہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ 7 جون ہفتے کو ہوگی۔

اس سے قبل لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور کی زونل ہلال کمیٹیوں نے مرکزی کمیٹی کو بتایا کہ کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں پاک فوج کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اورآپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر فوج پاکستان اورفیلڈ مارشل عاصم منیر کو جرات مندانہ قیادت پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

دوسری جانب وزارت مذہبی امور نے ماہ ذوالحجہ 1446 ہجری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق یکم ذوالحجہ 29 مئی بروز جمعرات کو ہوگی۔

واضح رہے کہ اس ہفتے کے اوائل میں، سپارکو نے ماہ ذی الحجہ 1446 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے ’ سائنسی تجزیے، فلکیاتی ڈیٹا، اور جدید مشاہداتی تکنیکوں’ کی بنیاد پر ایک پیش گوئی جاری کی تھی۔

پاکستان میں عیدالاضحیٰ 7 جون کو ہونے کے قوی امکانات

پاکستان ریلوے کا عیدالاضحیٰ پر 5 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان

سپارکو کی جانب سے جای بیان میں کہا گیا تھا کہ ذی الحجہ کے نئے چاند کی پیدائش 27 مئی کو ہوگی، جس کا مطلب ہے کہ عید الاضحیٰ کا تہوار پورے پاکستان میں 7 جون کو منائے جانے کا امکان ہے۔

اسلام آباد

central ruet e hilal committee

eid ul adha