Aaj News

برطانیہ: لیورپول میں جشن کے دوران کار ہجوم پر چڑھ دوڑی، 50 افراد زخمی

حادثے میں ایک بچہ اور ایک نوجوان شدید زخمی ہیں، رائٹرز
شائع 27 مئ 2025 08:48am

برطانوی شہر لیورپول کے سٹی سینٹر میں پریمیئر لیگ ٹائٹل جیتنے کی خوشی میں منعقدہ جشن کے دوران ایک ڈرائیور نے گاڑی ہجوم پر چڑھا دی جس میں کم از کم 50 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے 27 کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق 53 سالہ برطانوی ڈرائیور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا ہے اور ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی سے متعلق نہیں ہے۔

ایمبولینس حکام کے مطابق کم از کم 20 افراد کو جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد دی گئی، جبکہ 27 افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک بچہ اور ایک نوجوان شدید زخمی ہیں۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں ایک گاڑی کو تیزی سے ہجوم کی جانب بڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

کینیڈا میں فیسٹیول کے دوران گاڑی ہجوم پر چڑھ دوڑی، 11 ہلاک، متعدد زخمی

عینی شاہدین کے مطابق، گاڑی نے ابتدائی طور پر کچھ افراد کو ٹکر مارنے کے بعد رکنے کی کوشش کی، لیکن مشتعل افراد گاڑی کی طرف لپکے اور اس کے شیشے توڑ دیے۔ اس کے باوجود ڈرائیور گاڑی چلاتا رہا اور مزید کئی افراد کو زخمی کر دیا۔

جب گاڑی آخرکار رکی، تو مشتعل مداحوں نے اسے گھیر لیا اور دوبارہ شیشے توڑنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بروقت مداخلت کر کے صورتحال پر قابو پایا اور ڈرائیور کو مشتعل ہجوم سے محفوظ رکھا۔

مرسی سائیڈ پولیس نے بتایا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لیورپول کی ٹیم کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے ساتھ ایک اوپن ٹاپ بس پر شہر کے مرکز میں فتح کا جشن منا رہی تھی، اور لاکھوں مداح سڑکوں پر موجود تھے۔

امریکا میں لوگوں پر گاڑی چڑھانے والا مسلمان امریکی فوجی نکلا، ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی

برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے اس واقعے کو ”خوفناک“ قرار دیا اور کہا کہ وہ مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لیورپول کے مناظر خوفناک ہیں، میری ہمدردیاں تمام زخمیوں اور متاثرین کے ساتھ ہیں۔ میں پولیس اور ایمرجنسی سروسز کا اس ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

پولیس نے مزید کہا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس المناک حادثے کے پس منظر کو واضح کیا جا سکے۔

Narendra Modi

liverpool

2 suspects arrested

car rams crowd

during celebration

victory parade