Aaj News

بلاول بھٹو زرداری کی پشاور میں پیپلز پارٹی کی ریلی پر حملے کی مذمت

پشاور میں ہماری ریلی پر حملہ خیبرپختونخوا حکومت نے کرپشن چھپانے کی ناکام کوشش کی، چیئرمین پیپلز پارٹی
شائع 26 مئ 2025 09:23pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں پیپلز پارٹی کی ریلی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں ہماری ریلی پر حملہ خیبرپختونخوا حکومت نے کرپشن چھپانے کی ناکام کوشش کی، صوبے میں لاقانونیت اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج ہوا۔

اپنے بیان میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں پارٹی کی ریلی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے ہمارے پُرامن احتجاج کا راستہ روک کر دراصل بدترین کرپشن کو چھپانے کی ناکام کوشش کی، خیبرپختونخوا میں لاقانونیت اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج ہوا، پُرامن سیاسی کارکنوں پر آنسوگیس کی شیلنگ قابل افسوس ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، خیبرپختونخوا کی کرپٹ اور نااہل صوبائی حکومت کا تعاقب جاری رکھیں گے، پی ٹی آئی حکومت نے نہتے سیاسی کارکنوں پر تشدد کرکے بزدلی کا ثبوت دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں صوبہ بچاؤ تحریک آج صوبے کے ہر شہری کی آواز بن چکی ہے، ہم لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، ہمارے کارکنان خیبرپختونخوا کی کرپٹ حکومت کا سامنا کرنے کو تیار ہیں، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا اصل فاشسٹ چہرہ آج خیبرپختونخوا کے عوام نے دیکھ لیا۔

Bilawal Bhutto

خیبر پختونخوا

Bilawal Bhutto Zardari

KPK Assembly

PPP protest

KPK Police

BILAWAL ZARDARI