Aaj News

تنخواہوں اور پنشن پر وزیر خزانہ کا اہم بیان سامنے آگیا

پاکستان کو آئی ایم ایف کی مکمل حمایت حاصل ہے، محمد اورنگزیب
شائع 26 مئ 2025 06:26pm

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے جون کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کم کرنے اور پینشن اصلاحات کی بات کی ہے، اس وقت ہمیں معاشی محاذ پر بھی ایسے ہی قومی اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے، پاکستان کو آئی ایم ایف کی مکمل حمایت حاصل ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ رواں ہفتے ورچوئل بات چیت جاری رہے گی۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ’افواج پاکستان کی ہر ممکن مدد کریں گے، یہ صرف افواج پاکستانی کی ضرورت نہیں ہے بلکہ جیسا آپ نے دیکھا ہے یہ ملک کی ضرورت ہے۔‘

وزیر خزانہ نے کہا کہ انڈیا نے آئی ایم ایف بورڈ میں قرض پروگرام ڈی ریل کرنے کی کوشش کی، کوشش کی گئی اجلاس نہ ہو اور پاکستان کا ایجنڈا ڈسکس نہ ہو تاہم پاکستان کا کیس میرٹ پر ڈسکس ہوا، پاکستان نے آئی ایم ایف تمام اہداف پورے کیے، اگر پاکستان اہداف پورے نہ کرتا تو مشکل پیش آتی، انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عمل جاری رکھیں گے۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف مشن واپس جا چکا ہے، وفد کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی ہے، پاکستان کو آئی ایم ایف کی مکمل حمایت حاصل ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ رواں ہفتے ورچوئل بات چیت جاری رہے گی، انھوں نے واضح کیا کہ سول ملٹری تنخواہوں کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے استفسار کیا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ پینشن اصلاحات پر کیا ہو رہا ہے تو میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اس پر بھی ہم کام کر رہے ہیں، اس کے لیے مالیاتی نظم و ضبط لانا ہے اس سے قرضے لینا کم ہوں گے اور قرضوں کے بوجھ میں کمی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا پاکستان کے مائیکرواکنامک استحکام سے مطمئن ہے۔ ان کے مطابق حکومت طویل المدتی اصلاحات کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ صرف آمدن اور اخراجات کا نام نہیں سٹریٹجی بنانا ہوگی، ہمیں معاشی محاذ پربھی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ قرضوں کے نظام کو ری سٹرکچر کریں گے اور اس آفس کو جدید خطوط پر چلائیں گے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت موجودہ تعمیری اصلاحات کے عمل کو جاری رکھے گی، جن میں ٹیکس نظام، توانائی کے شعبے، سرکاری اداروں کی اصلاحات اور وفاقی حکومت کی ساخت میں درستگی شامل ہیں، تاکہ پائیدار ترقی حاصل کی جا سکے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ دنیا پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہی ہے اور معاشی بہتری کی رفتار پر حیران ہے جبکہ شرح سود میں نمایاں کمی کے معیشت پرمثبت اثرات مرتب ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔

Finance minister

Muhammad Aurangzeb