پشاور میں ایکسائز ویئر ہاؤس میں آگ لگنے سے درجنوں گاڑیاں جل گئیں
پشاور میں ایکسائز کے ضبط شدہ گاڑیوں کے ویئر ہاؤس میں آگ لگنے سے درجنوں گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں، ریسکیو کے آگ بھجانے والی ٹیم نے آگ پر قابو پا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے ٹول پلازہ کے قریب محکمہ ایکسائز کے ضبط شدہ گاڑیوں کے ویئر ہاؤس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں درجنوں گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں۔ آگ لگنے کے بعد علاقے میں افرا تفری پھیل گئی، جب کہ دھوئیں کے بادل دور تک دکھائی دیتے رہے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال فیضی کے مطابق آگ اچانک لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے ویئر ہاؤس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو کی فائر ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ بجھانے میں چار فائر وہیکلز اور ایک ایمبولینس نے حصہ لیا، کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم لاکھوں روپے مالیت کی ضبط شدہ گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔
آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔