Aaj News

پشاور میں دفعہ 144 نافذ: ہوائی فائرنگ، ڈرون اور پتنگ اُڑانے پر پابندی

اقدامات کا مقصد فضائی حدود میں طیاروں کو لاحق خطرات کا تدارک کرنا ہے
شائع 24 مئ 2025 10:09am

ڈپٹی کمشنر پشاور نے فلائٹ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں آئندہ 60 دنوں کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس دوران ہوائی فائرنگ، ڈرون، کبوتر اور پتنگ اُڑانے کے علاوہ دکانوں یا اشتہارات میں ہائی بیم لیزر لائٹس کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد فضائی حدود میں پرندوں اور دیگر اشیاء کے باعث طیاروں کو لاحق خطرات کا تدارک کرنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جہازوں سے پرندوں کے ٹکرانے جیسے حادثات سے بچاؤ کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔

خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے ان پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

Section 144

peshawar

Flight Safety