Aaj News

برطانوی خبر رساں ایجنسی کا انکشاف: بھارت کا پاکستان کو پانی کی سپلائی کم کرنے کیلئے نئے منصوبوں پر غور

بھارت نے دریائے جہلم، سندھ اور چناب پر مختلف آبی منصوبوں پر کام تیز کر دیا
شائع 17 مئ 2025 08:56am
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی ”روئٹرز“ نے اپنی تازہ رپورٹ میں بھارت کی پاکستان کے خلاف آبی جارحیت پر مبنی ایک نیا اور مذموم منصوبہ بے نقاب کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت پاکستان کے لیے مختص دریائے چناب کے پانی کو روکنے کے لیے متعدد نئے منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے، جن میں رنبر کینال کی وسعت سرفہرست ہے۔

روئٹرز کے مطابق بھارت دریائے چناب پر واقع رنبر کینال کو 120 کلومیٹر تک طویل کرنے کا منصوبہ بنا چکا ہے، جو اس وقت پاکستانی زرعی زمینوں کو پانی فراہم کرتا ہے۔ اگر یہ منصوبہ مکمل ہو جاتا ہے تو پاکستان کو ملنے والے پانی کی مقدار میں خطرناک حد تک کمی واقع ہو سکتی ہے۔

ٹرمپ کا پاک بھارت کشیدگی پر انکشاف – ’دونوں جوہری طاقتیں غصے اور ٹٹ فار ٹیٹ کی پوزیشن پر تھیں‘

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت نے دریائے جہلم اور دریائے سندھ پر بھی مختلف آبی منصوبوں پر کام تیز کر دیا ہے، جس کا مقصد پاکستان کی آبی گزرگاہوں پر کنٹرول حاصل کرنا ہے۔

ماہرین کے مطابق انڈس واٹر ٹریٹی کی خلاف ورزی پر مبنی یہ منصوبے نہ صرف بین الاقوامی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے میں نئی کشیدگی کو جنم دے سکتے ہیں۔

بغل میں چھری منہ پر رام رام: قاتل بھارت کا ایک اور مکروہ عمل بے نقاب

پاکستان اس سے قبل بھارت کی جانب سے آبی منصوبوں کو ”جنگی اقدام“ قرار دے چکا ہے اور متعدد بار عالمی برادری کو خبردار کر چکا ہے کہ بھارت کی جانب سے پانی روکنے کی کوششیں امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کی تیاری کر رہا ہے اور اقوام متحدہ سمیت دیگر بین الاقوامی اداروں کو بھارتی عزائم سے آگاہ کیا جائے گا۔

Reuters

Indus Waters Treaty