سندھ اسمبلی میں یوم تشکر کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی
سندھ اسمبلی میں یوم تشکر کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ اسپیکر اویس قادر شاہ نے اجلاس پیر صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا۔
اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران وزیر صحت عذرا پیچوہو نے صوبائی اسمبلی میں یومِ تشکرکی مناسبت سے قرارداد پیش کی جسے سندھ اسمبلی میں میں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
سندھ اسمبلی کے تمام ارکان نے قرارداد کی حمایت کی اوربھارتی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔
وزیر صحت عذرا پیچوہو نے کہا عالمی دنیا بھارت کو ہتھیار فروخت نہ کرے ، بھارت نہ ہتھیار سنبھال سکتا ہے نہ چلا سکتا ہے، فرانس کو دنیا بھر میں شرمندگی اٹھانا پڑی۔
وزیراعلٰی سندھ کا خطاب
وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے عام شہریوں اور مقدس مقامات کو نشانہ بنایا، عالمی قانون، انسانی حقوق،مہذب رویےکےاصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ دشمن کی کارروائیوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔ مسلح افواج کی مہارت، بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، آپریشن بنیان مرصوص دشمن کے ناپاک عزائم کا تاریخی جواب ہے۔
وزیراعلیٰ نے بری، فضائیہ، اور بحریہ افواج کی بروقت کارروائی کو سراہت ہوئے کہا کہ ہر سپاہی، افسر اور شہید کو قوم کی طرف سے زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ انھوں نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہارِ یکجہتی، ہمدردی اور دعا کرتے ہوئے قوم کے اتحاد، حوصلے، اور بالغ نظری کو قابلِ فخر قرار دیدیا ۔
مراد علی شاہ نے دوست ممالک کی حمایت اور جنگ بندی کے لیے کردار کی تعریف بھی کی اور کہا کہ بھارت سے فوری اور مکمل جنگ بندی پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
اظہارِ خیال کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے آبی وسائل تک منصفانہ رسائی کی بین الاقوامی ضمانت پر زور دیا ، کہا کہ پاکستان کا اپنے دفاع کے حق پر غیر متزلزل مؤقف برقرار ہے، پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دی جائے گی، قومی وقار، سلامتی اور سرحدی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ایوان مسلح افواج اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت نےنہتے ومعصوم شہریوں کونشانہ بنایا، مسلح افواج نے بھارت کے رافیل طیارے گرا دیے، بھارت یکطرفہ طورپرسندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا، بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہے، ہم نے بھارت کے 6 جہازاور 85 ڈرونزگرائے، بھارتی چینلز دیکھ کر لگتا تھا جیسے کارٹون نیٹ ورک ہو۔
مرادعلی شاہ نے مزید کہا کہ صرف 3 گھنٹےمیں بھارت کی حالت خراب ہو گئی، بھارت امریکا کے پاس پہنچ گیا کہ ہمیں بچاؤ، مسلح افواج نے بھارتی فوجی تنصیاب کو نشانہ بنایا، بھارتی جارجیت پر پاکستان کے جواب کو دنیا نے دیکھا، مسلح افواج نے بھارت کےغرورکو خاک میں ملا دیا۔
وزیرتعلیم سندھ سردار شاہ کا خطاب
وزیرتعلیم سندھ سردار شاہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لوگوں نے بھارتی ڈرون کباڑیے کو بیچے، کباڑیہ لوگوں سے پوچھتا رہا اور نہیں گرائے کیا؟ کباڑی کی دوکان بھارتی ڈرون سے بھر گئیں۔
سردارشاہ نے کہا کہ گزشتہ تیرہ صدیوں سے ہندو مسلمان ساتھ رہتے کھاتے پیتے تھے ، پورے ایک سو سال ہہلے آر ایس ایس بنائی گئی، مہاتما گاندھی کو بھی آر ایس ایس نے قتل کیا۔
وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ بی جے پی آر ایس ایس کا بغل بچہ ہے جس کی پروڈیکٹ مودی ہے، جنگ پر یقین رکھنے والے نہیں مجبوری میں دفاع کیا۔ ہم حملہ آور نہیں بلکہ دفاع کر نے والے ہیں۔
اجلاس کے دوران پی پی رکن ڈاکٹر شام سُندر نے کہا کہ بھارت نے تنگ نظر سوچ کا مظاہرہ کیا، بھارت نے مساجد اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا ، ہندو برادری کی جانب سے مودی کے جنگی جنون کی مذمت کرتا ہوں ، پاکستانی فوج نے دنیا میں ثابت کیا کہ وہ ایک پیشہ ور فوج ہے۔
جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے کہا کہ اللہ نے پوری پاکستانی قوم کو متحد کیا۔ پوری پاک فوج اور پاک فضائیہ کی کامیابی پر اللہ کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔ ہم اپنے مکتبہ فکر اور سیاسی جماعتوں کو بھول چکے تھے۔
انھوں نے مزید کہا کہ سب یکساں تھے۔ ہمارے میڈیا نے بھی اچھا کردار نبھایا اس کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہیے۔ ہم سیسہ اور فولاد لیکر گئے، سندور سیسہ فولاد سے نہیں لڑ سکتا تھا۔ آپ جنگ ہارچکے ہیں، بھٹو صاحب اور ڈاکٹر قدیر خان کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔ سندھ طاس معاہدے پر بات ہونے چاہیے، انڈیا اس معاہدے کو ختم نہیں کر سکتا۔ کشمیر کا بھی فیصلہ ہونا چاہیے۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔