Aaj News

بانی پی ٹی آئی جیل سہولیات کیس : عدالت نے نظرثانی درخواست مسترد کر دی

عدالت کا بانی پی ٹی آئی سے بیٹوں کی فون پر بات کرانے اور ذاتی معالج سے چیک اپ بھی کرانے کا حکم
شائع 14 مئ 2025 03:03pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جیل میں دی جانے والی سہولیات کے معاملے پر اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اڈیالہ جیل حکام کی فیصلے پر نظرثانی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی اور عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ سابقہ عدالتی احکامات تمام تر حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیے گئے تھے، اس لیے ان پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

عدالت نے حکم دیا کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کے بیٹوں سے فون پر بات کرانے اور ذاتی معالج سے طبی معائنہ کرانے کی اجازت دی جائے۔

عمران خان کو بیٹوں سے بات اور طبی معائنہ کروانے کی اجازت دینے کا حکم

اس سے قبل اڈیالہ جیل حکام نے عدالت میں رپورٹ جمع کرواتے ہوئے ان احکامات پر اعتراضات اٹھائے تھے۔ رپورٹ میں مؤقف اپنایا گیا کہ جیل رولز میں بیرون ملک فون کال اور ذاتی معالج کی اجازت سے متعلق کوئی شق موجود نہیں۔ جیل حکام کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو غیرمجاز سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جس کے باعث دیگر قیدی بھی اسی نوعیت کے مطالبات کرنے لگے ہیں۔

جیل حکام نے عمران خان کا میڈیکل چیک اپ اور بچوں سے بات کا عدالتی حکم وصول کرنے سے انکار کر دیا

جیل سپریٹنڈنٹ نے عدالت سے 10 جنوری اور 3 فروری کے احکامات پر نظرثانی کی استدعا کی تھی اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ عدالت کا حکم جیل رولز میں مساوات، انصاف اور دیگر قیدیوں کے بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔

تاہم عدالت نے ان تمام اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ عدالت کا فیصلہ برقرار رہے گا اور جیل حکام اس پر مکمل عمل درآمد کے پابند ہیں۔

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Adyala Jail

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)