Aaj News

سپریم کورٹ نے نور مقدم قتل کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا

مجرم ظاہر جعفر کی سزائے موت کیخلاف اپیل پر سماعت 13 مئی کو ہوگی
شائع 11 مئ 2025 07:34pm

سپریم کورٹ نے نور مقدم قتل کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا، مجرم ظاہر جعفر کی سزائے موت کے خلاف اپیل پر سماعت 13 مئی کو ہوگی۔

جسٹس ہاشم کاکڑکی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ نور مقدم قتل کیس میں مرکزی مجرم کی اپیل پر سماعت کرے گا۔

مجرم ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر کی بریت کے خلاف شوکت مقدم کی اپیل بھی سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے، اس کے علاوہ کیس میں سزا یافتہ شریک مجرمان کی اپیلوں پر بھی سماعت ہوگی۔

مجرم ظاہر جعفر نے نور مقدم کو اسلام آباد میں تشدد کے بعد ذبح کرتے ہوئے سر تن سے جدا کر دیا تھا۔

ٹرائل کورٹ نے ظاہر جعفر کو سزائے موت کا حکم سنایا تھا، اپیل پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی مجرم کی سزائے موت برقرار رکھی تھی جبکہ ظاہر جعفر نے سزائے موت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کررکھی ہے۔

9 مئی مقدمات کیخلاف فواد چوہدری کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

دوسری جانب سپریم کورٹ میں 9 مئی مقدمات کے خلاف سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ 16 مئی کو سماعت کرے گا۔

فواد چوہدری نے اپنے خلاف مختلف شہروں میں درج مقدمات کو چیلنج کررکھا ہے، فواد چوہدری کا اپیل میں مؤقف ہے کہ ایک واقعہ کی متعدد ایف آئی آرز نہیں ہوسکتیں۔

Supreme Court

اسلام آباد

Zahir Jaffer

Noor Mukadam

noor mukadam murder case