Aaj News

بھارت کا بزدلانہ حملہ: مسجد میں قرآن پاک سمیت دیگر اسلامی کتابوں کو نقصان پہنچا

سخت جنگی حالات میں بھی مذہبی مقامات اور نہتے شہریوں پر حملے نہیں کئے جاتے، ذرائع
اپ ڈیٹ 07 مئ 2025 06:06pm

پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال اور بزدلانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارت نے گزشتہ شب رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کرکے نہ صرف معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا بلکہ مذہبی مقامات کی بے حرمتی کرتے ہوئے بہاولپور کی مسجد سبحان کو بھی شہید کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں مسجد کو شدید نقصان پہنچا جبکہ حملے سے مسجد میں موجود قرآن پاک سمیت دیگر اسلامی کتابوں کو بھی نقصان پہنچا، حملے کے وقت مسجد میں عبادت کا وقت نہیں تھا تاہم اس کے باوجود عبادت گاہ کو نشانہ بنایا جانا بھارت کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگی قوانین اور عالمی اصولوں کے تحت سخت ترین جنگی حالات میں بھی مذہبی مقامات کو نشانہ نہیں بنایا جاتا لیکن بھارت نے مسجد پر حملہ کر کے ان بین الاقوامی ضابطوں کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔

دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق بھارت کا یہ اقدام نہ صرف اخلاقی دیوالیہ پن کی علامت ہے بلکہ اس سے جنوبی ایشیا میں امن و امان کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں، پاکستان عالمی برادری کو اس بربریت سے آگاہ کرنے کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔

بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے، جب کہ ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔

وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے صبح سویرے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی ہے، پاک فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے، پاکستان کے مؤثر جواب کے بعد بھارت کی متعدد پوسٹیں تباہ ہوئیں جبکہ پاکستان نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا۔

اس کے علاوہ پاک فوج کی جوابی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچنے کی مسلسل اطلاعات مل رہی ہیں۔

Indian Aggression

India Pakistan Tension

Pakistan India diplomatic tension

India Pakistan Tensions

Pakistan India Clash 2025

India Pakistan Tension 2025

Indian Aircrafts Crash