Aaj News

بھارت میں مائیں بچوں کو کہیں گی سو جاؤ ورنہ پاکستان آ جائے گا ،عطا تارڑ

پاکستان کیلئے ہم سب ایک ہیں ملک کی سالمیت سیاست سے بالاتر ہے، ،عطا تارڑ کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال
شائع 06 مئ 2025 02:32pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اپنے خطاب میں قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں اپنے سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر متحد ہونے کی ضرورت ہے، کیونکہ بات پاکستان کی ہے اور پاکستان کیلئے ہم سب ایک ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ملک کی سالمیت سیاست سے بالاتر ہے اور دفاعی معاملات کو سیاسی اختلافات سے جوڑنا دشمن کے بیانیے کو تقویت دینا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن حملہ کرنے کی تاک میں ہے مگر وہ بدنیت، بداخلاق اور بے وقوف ہے۔

وزیراطلاعات نے پہلگام واقعے کو بھارت کی ایک اور ناکام چال قرار دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے صرف ڈیڑھ گھنٹے بعد پولیس پہنچی جبکہ مقدمہ صرف دس منٹ میں درج کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر الزامات لگائے جبکہ پاکستان نے اس معاملے کی غیرجانبدار اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں معاملہ اٹھایا ہے۔

پاکستان دہشت گرد نہیں، بلکہ خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے، بلاول بھٹو زرداری

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف 90 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور پاکستانی قوم کا بچہ بچہ وطن کے دفاع کے لیے تیار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت اب بند گلی میں داخل ہو چکا ہے اور ایک دن ایسا آئے گا کہ بھارت میں مائیں بچوں کو سونے کے لیے کہیں گی کہ ’سو جاؤ، پاکستان آ جائے گا‘۔

عطا تارڑ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت 9 لاکھ فوج کے باوجود کشمیریوں کا حق خودارادیت دبانے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں کشمیریوں اور سکھوں پر مظالم میں اضافہ ہوا ہے، اور دنیا اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔ سکھ برادری نے پاکستان کے خلاف لڑنے سے انکار کرکے بھارت کی چال ناکام بنا دی۔

اسلام آباد

National Assembly

India Pakistan Tension

Aata ullah Tarar