Aaj News

مولانا فضل الرحمان کا اپنے ساتھیوں سمیت ایوان سے واک آؤٹ

ڈپٹی اسپیکر نے مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی ارکان کو منانے کی ذمہ داری ڈاکٹر طارق فضل کودے دی
اپ ڈیٹ 05 مئ 2025 07:52pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

جمعیت علامئے اسلام ف کے سر براہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی غیر سنجیدگی پر ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی ارکان کو منانے کی ذمہ داری ڈاکٹر طارق فضل کودے دی۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران مولانا فضل الرحمان اپنے ساتھیوں سمیت ایوان سے واک آؤٹ کرگئے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومتی عدم دلچسپی کی وجہ سے ایوان میں بات نہیں کرنا چاہتا۔

جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ یہ تو وقت تھا کہ پورا ایوان آج بھرا ہوتا، حکومت کی طرف سے بھرپور جواب دیا جاتا، پوری فرنٹ لائن خالی ہے، کس کو بات سنائیں۔ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے، بھارت اپنی جارحیت کے ذریعے مسئلہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے، پاک افواج پر نہ صرف پوری قوم بلکہ پوری دنیا اعتبارکرتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آج پوری قوم یک جان ہے، پوری کابینہ غائب تھی، کوئی سننے والا نہیں، جس وجہ سے اپنی جماعت سمیت بائیکاٹ کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی غیر سنجیدگی کی نشاندہی پر مزید کہا کہ حکومت تو آ کر صورتحال کے حوالے سے اعتماد میں لیتی۔ سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ جہاں کوئی اہم حکومتی شخصیت موجود نہیں، ایسے ایوان میں نہیں بیٹھ سکتا۔

انھں نے کہا کہ فوج کبھی اکیلے نہیں لڑ سکتی، پوری قوم اس کی پشت پرموجود ہے، جنگیں قومی وحدت کے ساتھ لڑی جاتی ہیں، جنگ لڑنے کیلئے ایک مؤثر سیاسی قیادت اس کی پشت پر ہونا چاہیے، بدقسمتی سے وہ قیادت اس وقت ملک میں موجود نہیں ہے۔

ادھر ڈپٹی اسپیکر نے مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی ارکان کو منانے کی ذمہ داری ڈاکٹر طارق فضل کودے دی

National Assembly

Molana Fazal ur Rehman

walk out