Aaj News

سندھ میں 15 جون سے پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد

پلاسٹک بیگز کے استعمال پر زیرو ٹالرنس کے تحت سخت کارروائی ہوگی، سیکریٹری ماحولیات
شائع 05 مئ 2025 12:22pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

سندھ حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے صوبے بھر میں 15 جون سے ہر قسم کے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق نان ڈیگریڈیبل، اوکسو ڈیگریڈیبل، بلیک اور ری سائیکلڈ پلاسٹک بیگز پر بھی ہوگا۔ 2019 میں جزوی پابندی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پلاسٹک بیگز پر مکمل بین عائد کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام سندھ پروہیبیشن آف نان ڈیگریڈیبل پلاسٹک پروڈکٹس رولز 2014 میں ترمیم کے تحت کیا گیا ہے۔

سیکریٹری ماحولیات آغا شاہنواز نے واضح کیا ہے کہ صرف ماحول دوست بیگز کے استعمال کی اجازت ہوگی، اور اس پالیسی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک بیگز ماحولیاتی تباہی کی بنیاد ہیں اب صرف اعلان نہیں بلکہ زیرو ٹالرنس کے تحت سخت کارروائی ہوگی۔

محکمہ ماحولیات نے عوام سے اس فیصلے پر تعاون کی اپیل کرتے ہوئے ماحولیاتی تحفظ کو قومی ذمہ داری قرار دیا ہے۔

karachi

sindh

Ban on Plastic Bags

PLASTIC BAGS