Aaj News

پاکستان کا بھارتی جارحیت اور اشتعال انگیزی پر سلامتی کونسل کا فوری اجلاس بلانے کا فیصلہ

سلامتی کونسل کو بتایا جائے گا کہ بھارتی اقدامات خطے کیلئے کس قدر خطرناک ہیں
شائع 04 مئ 2025 07:30pm

پاکستان نے بھارتی جارحیت اور اشتعال انگیزی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا فوری اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا، سلامتی کونسل کو بتایا جائے گا کہ بھارتی اقدامات خطے کے لیے کس قدر خطرناک ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خطے کی حالیہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کے لیے سفارتی سطح پر سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔

اس حوالے سے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے کو ہدایت کی ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

پاکستان نے باضابطہ طور پر خطے کی تازہ ترین صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کا بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر نوٹس دینے کا فیصلہ

پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھارت کے جارحانہ اقدامات، اشتعال انگیزی اور اشتعال انگیز بیانات سے آگاہ کرے گا پاکستان خصوصی طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے لیے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو اجاگر کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان واضح کرے گا کہ کس طرح ہندوستان کے جارحانہ اقدامات جنوبی ایشیا اور خطے سے باہر امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

یہ اہم سفارتی اقدام پاکستان کی عالمی برادری کے سامنے درست حقائق پیش کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد 23 اپریل کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جس کے جواب میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت سے تجارت اور واہگہ بارڈر کی بندش کرنے کا فیصلہ کیا، علاوہ ازیں بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود بھی بند کردی گئی، اور بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹے میں پاکستان چھوڑ دینے کا حکم دیا گیا تھا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر اقوام متحدہ نے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دونوں حکومتوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ صورتحال اور جو پیش رفت ہم نے دیکھی ہے وہ مزید خراب نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی بھی مسئلہ بامعنی باہمی رابطے کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے۔

پاکستان کے دیرینہ دوست چین کی جانب سے بھی دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی گئی، چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ’ چین امید کرتا ہے کہ دونوں فریق تحمل کا مظاہرہ کریں گے، بات چیت اور مشاورت کے ذریعے متعلقہ اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کریں گے، کسی سمجھوتے پر پہنچیں گے اور مشترکہ طور پر علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھیں گے۔’

بھارت کی آبی دہشتگردی: پاکستان کا پانی روکنے کیلئے تین مرحلوں کی سازش بے نقاب

ہندو پنڈت نے پاکستان کا پانی روکنے کے بھارتی دعوؤں کا پول کھول دیا

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ’ چین ان تمام اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے جو کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں۔ ’ دوسری جانب خلیج تعاون کونسل نے بھی پاکستان اور بھارت کو کشیدگی ختم کرکے مذاکرات شروع کرنے کامشورہ دیتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا پرامن حل تلاش کرنے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔

UN security council

indus water treaty

Chenab River

Indus Waters Treaty