Aaj News

پی ٹی آئی کا پاک بھارت کشیدگی پر حکومتی بریفنگ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

آل پارٹی کانفرنس بلائی جائے تاکہ تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جا سکے، وقاص اکرم
شائع 04 مئ 2025 07:45pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاک بھارت کشیدگی پر حکومتی بریفنگ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں حکومت کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم کے مطابق، پی ٹی آئی نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کی ہے اور اس قومی معاملے پر یکجہتی کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان اس وقت ناجائز طور پر قید میں ہیں تاہم انہوں نے جیل سے بھی قوم کے نام اپنے پیغامات میں دہشت گردی کی مذمت کی اور قومی اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان کا مؤقف خود وضاحتی ہے، جس میں جرأت کے ساتھ قوم کو متحد ہونے کا پیغام دیا ہے، وہ ایک قومی رہنما کی سوچ کا عکاس ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ملک و قوم کے دفاع کے لیے ہر اول دستے میں کھڑی ہوگی، ساتھ ہی حکومت سے مطالبہ کیا کہ حالیہ صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر آل پارٹی کانفرنس بلائی جائے تاکہ تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جا سکے۔

پی ٹی آئی کے سیکیورٹی بریفنگ کی میٹنگ سے بائیکاٹ پر عظمیٰ بخاری کا ردعمل

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سیکیورٹی بریفنگ کی میٹنگ کے بائیکاٹ پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اپنی حکومت میں کسی بریفنگ میں نہیں بیٹھے تھے اور رونا روتے تھے کیا کروں جنگ کرلوں ان سے اور توقع بھی کیا کی جاسکتی ہے، اپنے ٹائیگر ابھی بھی ملک اور اداروں کے خلاف جنگ برپا کیے ہوئے ہیں، یہ یہی کرسکتے ہیں ہر وقت ملک کا بائیکاٹ، یہ کبھی پاکستانی بن کر نہیں سوچ سکتے ہر جگہ گھٹیا حرکتیں، افسوس صد افسوس۔

خیال رہے کہ پاک بھارت صورتحال پروفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو بریفنگ دیں گے۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو قومی سلامتی کی صورتِ حال پر بریفنگ دی جائے گی۔

پی ٹی آئی نے اتوار کو ہنگو میں ورکرز کنونشن میں بھی کہا کہ ہم آپ کو اس وقت تک معاف نہیں کریں گے جب تک عمران خان معاف نہ کرے۔

اسلام آباد

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

India Pakistan Tension

Sheikh Waqas Akram

Pakistan India diplomatic tension

Pakistanis in India