Aaj News

زیریں سندھ میں موسلادھار بارش، کراچی میں بھی بادل برسنے کو تیار

گولارچی میں رات بھر جاری رہنے والے مٹی کے طوفان نے نظام زندگی درہم برہم کر کے رکھ دیا
اپ ڈیٹ 04 مئ 2025 11:05am

اسلام آباد، خیبرپختونخوا، زیریں سندھ اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارشوں نے موسم کو تو خوشگوار کر دیا مگر سندھ ممیں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے۔ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کئی مقامات پر درخت اور سائن بورڈز گر گئے، جبکہ دیہی علاقوں میں بجلی کا نظام معطل ہو گیا۔

گولارچی میں رات بھر چلنے والے مٹی کے شدید طوفان نے شہر کا نظام زندگی مفلوج کر دیا۔ حدِ نگاہ کم ہو گئی، لوگ گھروں میں محصور ہو گئے اور بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہو گئی۔ کئی دیہی علاقوں سے کھمبے گرنے اور چھتیں اُڑنے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ لیکن اسلام آباد میں بارش شروع ہوچکی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں آندھی، ژالہ باری اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ آج شام یا رات کے وقت تیز آندھی اور بارش سے کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

خیبرپختونخوا کے پشاور، مردان، وزیرستان اور سوات میں آندھی اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی ہے، جبکہ پنجاب کے راولپنڈی، لاہور، ملتان، فیصل آباد اور ڈی جی خان جیسے اضلاع میں ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

سندھ کے سکھر، لاڑکانہ، دادو اور شہید بینظیر آباد میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کے امکانات ہیں۔ بلوچستان کے علاقوں لسبیلہ، خضدار اور کوہلو میں شام کے وقت آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

شہرِ قائد کراچی میں بھی بارش کی نوید سنائی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر اور منگل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر بلدیاتی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ادھر کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی ژالہ باری اور موسلادھار بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے، اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

karachi weather

Karachi Rain

rainy weather