Aaj News

پاک بھارت کشیدگی: خیبرپختونخوا میں 50 الیکٹرک سائرن نصب

سائرن نصب کرنے کا مقصد کسی بھی ممکنہ جنگی صورتحال میں شہریوں کو بروقت خبردار کرنا ہے۔
شائع 02 مئ 2025 03:19pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

پاک بھارت کشیدگی کے پیشِ نظر خیبرپختونخوا میں عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھایا گیا ہے۔ صوبے کے 29 اضلاع میں سول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے 50 الیکٹرک سائرن نصب کر دیے گئے ہیں جن کا مقصد کسی بھی ممکنہ جنگی صورتحال میں شہریوں کو بروقت خبردار کرنا ہے۔

سول ڈیفنس حکام کے مطابق یہ سائرن خاص طور پر جنگی یا ہنگامی حالات میں فعال کیے جائیں گے، تاکہ عوام کو بروقت اطلاع دی جا سکے اور جانی نقصان سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔ سائرن کی تنصیب حساس اور گنجان آباد علاقوں میں کی گئی ہے تاکہ انتباہی پیغام مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے۔

ایل او سی کشیدہ صورتحال، خیبرپختونخوا کے شہروں میں سائرن کی ہنگامی تنصیب

سول ڈیفنس افسر کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشیدہ حالات میں سائرن کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی پیشگی ہدایت دی جائے گی۔

حکام کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی قائم کی گئی ہے تاکہ آبادیوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

loc

KPK

India Pakistan Tension

installation of sirens