Aaj News

کراچی: بھارت سےبغیر علاج آنے والے2 بچوں کا این آئی سی وی ڈی میں معائنہ

بچوں کے والد کی حکومت سے جلد از جلد علاج کی فراہمی اور سفری اخراجات میں مدد کی اپیل۔
شائع 01 مئ 2025 01:34pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

بھارت سے علاج کے بغیر واپس آنے والے دل کے مریض نو سالہ منساء اور سات سالہ عبداللہ حیدرآباد سے کراچی پہنچ گئے ہیں جہاں انہیں قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) میں داخل کر لیا گیا ہے۔ بچوں کا طبی معائنہ جاری ہے اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر دونوں بچوں کا علاج پاکستان میں ہی کروایا جائے گا۔

بچوں کے والد شاہد علی نے آج نیوز سے بات کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی کہ وہ علاج میں تیزی لائے اور سفری سہولیات فراہم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے آپریشن میں پہلے ہی کافی تاخیر ہو چکی ہے۔

بھارت سے علاج کے بغیر آنے والے بچوں کے معاملے پر وفاقی وزیر صحت کا نوٹس

انہوں نے بتایا کہ بچوں کا آپریشن 29 اپریل کو بھارت میں ہونا تھا، لیکن انہیں بغیر علاج کے واپس لوٹنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں علاج ممکن نہ ہونے کی وجہ سے بھارت کا رخ کیا تھا امید نہیں کہ پاکستان میں علاج ہوسکتا ہے۔

شاہد علی نے یہ بھی بتایا کہ سفر کے دوران بچوں کی دل کی تکلیف میں مزید اضافہ ہوا۔ انہوں نے حکومت سے جلد از جلد علاج کی فراہمی اور سفری اخراجات میں مدد کی اپیل کی ہے کیونکہ وہ ان اخراجات کو خود برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

کراچی : بچوں کےعلاج کے لیے بھارت جانے والی فیملی علاج کے بغیر واپس آگئی

یاد رہے کہ بھارت میں طبی ویزوں کی بندش، سیاسی کشیدگی اور سفارتی مسائل کے باعث پاکستانی مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

karachi

mustafa kamal

doctors

India Pakistan Tension

nicvd