Aaj News

پنجاب اپنی پہلی ایئر لائن اور پہلی بلٹ ٹرین چلانے کیلئے تیار

پنجاب بھر میں چھ مزید ہائی اسپیڈ ٹرین روٹس کا پلان طلب کیا گیا
شائع 26 اپريل 2025 03:08pm

پنجاب نے ترقی کی نئی بلندیوں کو چھونے کی تیاری کر لی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس میں پاکستان کی پہلی صوبائی ایئر لائن ”ایئر پنجاب“ اور ملک کی پہلی بلٹ ٹرین منصوبوں کی اصولی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں ”ایئر پنجاب“ کے منصوبے کو پیش کیا گیا، جسے وزیراعلیٰ نے فوری طور پر منظور کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ ابتدائی مرحلے میں چار جدید ایئربس طیارے لیز پر حاصل کئے جائیں۔ ”ایئر پنجاب“ اندرون ملک ڈومیسٹک پروازوں کا آغاز کرے گی اور ایک سال کے اندر بیرون ملک پروازوں کی راہ ہموار ہو گی۔ مریم نواز شریف نے واضح ہدایت کی کہ ”ایئر پنجاب“ کو ملک کی بہترین ایئر لائن بنانے کے لئے ہر ممکن انتظامات کئے جائیں۔

اس کے ساتھ ہی اجلاس میں لاہور سے راولپنڈی تک پہلی بلٹ ٹرین چلانے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ پاکستان ریلوے کے اشتراک سے چلنے والی اس بلٹ ٹرین سے لاہور تا راولپنڈی سفر کا دورانیہ محض اڑھائی گھنٹے رہ جائے گا، جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔

وزیراعلیٰ نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو پاکستان ریلوے کے ساتھ مل کر تیز ترین بلٹ ٹرین منصوبے پر کام کرنے کا ٹاسک دیا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ قومی خزانے پر کم سے کم بوجھ پڑے اور ترقی کی رفتار تیز ہو۔

صرف یہی نہیں، اجلاس میں پنجاب بھر میں چھ مزید ہائی اسپیڈ ٹرین روٹس کا پلان طلب کیا گیا۔ جن میں لاہور سے نارووال، رائیونڈ، قصور، پاکپتن، لودھراں، قلعہ شیخوپورہ، جڑانوالہ، شورکوٹ، جھنگ، سرگودھا، لالہ موسیٰ اور فیصل آباد سے مختلف شہروں کو جوڑنے والی تیز رفتار ٹرینیں شامل ہوں گی۔

علاوہ ازیں، لاہور میں ییلو لائن اور گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ لائن منصوبوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ جناح ٹرمینل ٹھوکر سے ہربنس پورہ تک ییلو لائن کی فزیبلٹی اسٹڈی 30 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ منصوبے کی اسٹڈی کے لیے 15 جون کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی۔

اجلاس میں ای-ٹیکسی پراجیکٹ پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، جو ماحولیاتی تحفظ اور شہری سہولت کے حوالے سے ایک اور انقلابی قدم ہو گا۔

punjab

bullet train

CM Punjab Maryam Nawaz

Air Punjab