Aaj News

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر، پارہ 5 سے 7 ڈگری تک جاسکتا ہے

یکم مئی سے ملک کے بیشتر حصوں میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے،محکمہ موسمیات
شائع 26 اپريل 2025 11:28am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے 30 مئی تک گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جبکہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے اور درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی علاقوں میں آج سے یکم مئی تک شدید گرمی کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بھی درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی شدید موسمی حالات کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یکم مئی سے موسم میں تبدیلی آئے گی اور یکم سے 7 مئی کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

کراچی میں ایک بار پھر شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی

خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور پنجاب میں شدید ہواؤں اور بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

weather

rainy weather

Alert

hot and dry weather