Aaj News

کراچی میں واٹر ٹینکر جلنے کے بعد ڈرائیوروں میں خوف، مالکان نے ٹینکر کھڑے کردیے

ٹینکرز کو جلنے سے نہ روکا تو پانی کی فراہمی مشکل ہوجائے گی، واٹر کارپوریشن حکام
اپ ڈیٹ 10 اپريل 2025 08:31pm

کراچی میں واٹر ٹینکراور ڈمپر جلائے جانے کے بعد ٹینکر مالکان نے پانی کی فراہمی معطل کردی، واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ٹینکرز کو جلنے سے نہ روکا تو پانی کی فراہمی مشکل ہوجائے گی۔

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں واٹر ٹینکر اور ڈمپر کو جلائے جانے کے واقعے نے شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو متاثر کر دیا، واقعے کے بعد واٹر ٹینکر ڈرائیورز اور مالکان میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جس کے باعث متعدد ٹینکر سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔

واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق واقعے کے بعد کارپوریشن کے ماتحت چلنے والے ٹینکرز کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی سپلائی معمولی طور پر متاثر ہونا شروع ہو گئی ہے، اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو مستقبل میں پانی کی فراہمی مزید دشوار ہو سکتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر واٹر ٹینکرز کو نشانہ بنانا بند نہ کیا گیا تو شہریوں کو پانی کے سنگین بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹینکرز کو سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ سروس بحال ہو سکے۔

کئی واٹر ٹینکر مالکان نے اپنے ٹینکرز عارضی طور پر سروس سے ہٹا دیے ہیں، بعض مقامات پر ٹینکر کھڑے کر دیے گئے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔

واٹر کارپوریشن حکام نے عوام سے صبر و تحمل کی اپیل کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ حالات کو معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں اور پانی کی فراہمی کو کسی بھی صورت مکمل طور پر متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔

karachi

tanker and dumper

Water Tanker Accident

dumper accident