صدر مملکت کاکورونا ٹیسٹ مثبت آیا، ایوان صدر نے ذاتی معالج کا بیان جاری کر دیا
صدر آصف علی زرداری کے مختلف ٹیسٹوں کے بعد صدر مملکت کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہیں آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ ایوان صدر نے صدرآصف علی زرداری کی صحت سے متعلق ذاتی معالج کا بیان جاری کر دیا۔
صدر مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین کے مطابق صدر آصف علی زرداری کو اس وقت آئیسولیشن میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماہرین کی ایک ٹیم ان کی دیکھ بھال کر رہی اور صدر مملکت کی حالت بہتر ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں صدر مملکت آصف علی زرداری کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں نواب شاہ سے کراچی منتقل کیا گیا۔ اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پیپلز پارٹی نے صدر مملکت کے بیرون ملک منتقل ہونے کی تردید کردی ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے صدر آصف علی زرداری کی صحت سے متعلق اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ان کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ صدر زرداری کو دبئی منتقل کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر آصف علی زرداری جلد مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت آصف زراری کو انفیکشن اور تیز بخار کی وجہ سے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ جہاں صدر مملکت کے میڈیکل ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیر کو نواب شاہ میں نماز عید ادا کی تھی۔ طبیعت کی ناسازی کے باعث انہوں نے ملنے کے لیے آنے والوں سے ملاقات بھی نہیں کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرآصف علی زرداری کا علاج ان کے معالج ڈاکٹر عاصم حسین کی زیر نگرانی جاری ہے۔
وزیرِاعظم کا صدر زرداری سے فون پررابطہ
وزیرِاعظم شہباز شریف نے صدر آصف زرداری سے فون پر رابطہ کیا۔ وزیرِاعظم نے صدر مملکت سے ان کی خیریت معلوم کی۔
وزیرِاعظم نے صدر مملکت کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی آپ کو جلد صحت کاملہ عطا کریں، پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
گورنر سندھ کا ڈاکٹر عاصم کو ٹیلی فون
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے معالج ڈاکٹر عاصم کو فون کیا۔ انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی خیریت معلوم کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اسپیکر ایاز صادق کا ٹیلی فونک رابطہ
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ٹیلی فونک رابطہ کر کے صدرمملکت کی خیریت دریافت کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے صدرکے لئے نیک تمناؤں کا اظہارِ کیا اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو جلد صحت کاملہ عطا کریں، پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔