Aaj News

رمضان میں روحانی اور جسمانی اعتبار سے خود کو اللہ کے حوالے کردیتا ہوں، نعمان حبیب

اداکار رمضان کیسے گذارتے ہیں؟ دیکھیے آج رمضان ٹرانسمیشن میں
شائع 07 مارچ 2025 11:15am

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے مشہور فنکار نعمان حبیب نے آج کی خصوصی نشریات“ باران رحمت“ رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی اور رمضان کی مصروفیات اور دیگر اہم امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

نعمان حبیب نے رمضان کی مصروفیات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ، گزشتہ پانچ سالوں سے وہ رمضان میں کسی بھی ڈرامے میں کام نہیں کرتے سوائے رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کے کیونکہ یہ مہینہ اللہ کے ساتھ جڑنے کا اور عبادات میں گزارنے کا ہوتا ہے۔

نعمان حبیب نے کہا کہ وہ اس ماہ میں خود کو روحانی اور جسمانی طور پر اللہ کے حوالے کر دیتے ہیں اور ان کا پورا رحجان نماز پڑھنے، روزہ رکھنے اور دیگر عبادات اور فرائض کی ادائیگی میں جڑا رہتا ہے۔ اس کے علاوہ، وہ اپنی فٹنس پر بھی توجہ دیتے ہیں اور اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔

نعمان حبیب کا کہنا تھا کہ اللہ کا کرم ہے کہ وہ پورے مہینے ڈرامہ نہ بھی کریں، پھر بھی سب کچھ اچھا ہو جاتا ہے کیونکہ اعمال کا دارومدار نیت پر ہوتا ہے۔ جب نیت اللہ کے ساتھ جڑنے کی ہو، تو پھر ہر کام میں برکت آتی ہے۔

فٹنس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ رمضان میں وہ اپنی ڈائیٹ کا خاص خیال رکھتے ہیں اور جسم کو درکار کیلوریز بھی حاصل کرتے ہیں۔ اور انکی فٹنس اور تازگی کا راز بھی یہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ رمضان میں افطار سے پہلےجم جاتےہیں اس سے توانائی میں کمی نہیں آتی۔

سوشل میڈیا پر خوب سے خوب تر دکھانے کی جنگ اور پرائیوٹ لائف ایکسپوز کر نے کے بڑھتے ہوئے رحجان پر نعمان حبیب نے کہا کہ ایک دور تھا جب صرف ریڈیو سنا جاتا تھا پھر پرنٹ میڈیا آیا اس کے بعد ٹیلی ویژن نے جگہ لی اس طرح موجودہ دور سوشل میڈیا کا دور ہے جو بہت وسیع ہے اور اس کے آگے کوئی نئی ٹیکنالوجی نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر چیز کے سائیڈ افیکٹس ہوتے ہیں، اور سوشل میڈیا کے بھی ایسے ہی کچھ اثرات ہیں، لیکن اس کے فوائد بہت زیادہ ہیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے ہمیں گھر بیٹھے ہر طرح کی معلومات مل جاتی ہیں اور نت نئی معلومات تخلیق بھی کی جا رہی ہیں، جیسے کہ اے آئی کی مثال ہمارے سامنے ہے۔

نعمان حبیب نے مزید کہا کہ بے شک اسلام ہمیں سادگی کا سبق دیتا ہے، لیکن اسلام میں خوشیاں بانٹنے سے منع نہیں کیا گیا بشرطیکہ اس سے کسی کی دل آزاری نہ ہو۔ اگر ہماری سوچ یہ ہو کہ ”اس کی شادی ایسی ہوئی ہے، ہماری کیوں نہیں؟“ تو اس کا مطلب ہے کہ ہمارے دل میں اللہ کی موجودگی نہیں ہے۔

انہوں نے اپنی زندگی کے بارے میں مزید بتایا کہ وہ ایک سیلیبریٹی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عام انسان بھی ہیں۔ وہ گھر کے کام جیسے جھاڑو، صفائی ستھرائی بھی خود کرتے ہیں اور انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون انہیں دیکھ رہا ہے یا کیا سوچ رہا ہے۔

نعمان حبیب نے اس موقع پر آج نیوز کی ٹرانسمیشن کی تعریف کی اور خوبصورت سیٹ اور بہترین پرفارمنس پر پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔

lifestyle

شخصیات

Ramadan 2025