Aaj News

کراچی میں ہیوی ٹریفک کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر

کے ایم سی سے زیر التوا منصوبوں کے فنڈز کی تفصیلات بھی مانگ لی گئیں
شائع 17 فروری 2025 11:39am

کراچی میں ڈمپرز، آئل ٹینکرز اور ہیوی ٹریفک کے باعث ہونے والے حادثات کے خلاف جماعت اسلامی نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ شہر میں روزانہ کی بنیاد پر ڈمپرز اور ہیوی ٹریفک معصوم شہریوں کو کچل رہے ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس ان گاڑیوں کی روک تھام میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔

درخواست میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 8 ہزار سے زائد شہری ان حادثات میں زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 2024 میں 773 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے اور اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے مانیٹرنگ نظام بنایا جائے۔

درخواست گزار نے مزید کہا کہ ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ شہر میں ٹوٹی پھوٹی سڑکیں بھی ہیں، لہٰذا کے ایم سی کو حکم دیا جائے کہ وہ فوری طور پر سڑکوں کی مرمت کرے اور زیر التوا ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کی تفصیلات عدالت میں پیش کرے۔

درخواست میں متاثرہ شہریوں کے لیے معاوضہ مقرر کرنے اور حکومت کو اس کے فوری ادائیگی کا حکم دینے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

Jamat e Islami

Sindh High Court

Karachi Heavy Traffic Accidents