Aaj News

شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس پر منافع کی نئی شرحوں کا اعلان

شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس میں کم سے کم دس ہزار روپے سے سرمایہ کاری شروع ہوتی ہے
شائع 12 فروری 2025 01:38pm

سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے ملک میں مہنگائی میں کمی کے پیش نظر فروری 2025 سے قلیل مدتی سیونگز سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔

نئی شرح کے مطابق تین ماہ کی مدت والے سرٹیفکیٹس پر منافع 11.24 فیصد مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت 100,000 روپے کی سرمایہ کاری پر 2,810 روپے کا منافع حاصل ہوگا۔ اس سے قبل یہ شرح 12.76 فیصد تھی۔

چھ ماہ کی مدت کے سرٹیفکیٹس پر منافع 11.32 فیصد کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 100,000 روپے پر 5,660 روپے کا منافع ملے گا، جو کہ پچھلی 12.74 فیصد شرح کے مقابلے میں کم ہے، جب 6,370 روپے حاصل ہوتے تھے۔

ایک سال کی مدت والے سرٹیفکیٹس کے لیے نئی منافع کی شرح 11.38 فیصد مقرر کی گئی ہے، جس کے مطابق 100,000 روپے کی سرمایہ کاری پر 11,380 روپے کا منافع حاصل ہوگا۔

ان سرٹیفکیٹس پر ٹیکس کا انحصار سرمایہ کار کے ٹیکس اسٹیٹس پر ہوگا۔ جو افراد ایکٹیو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل ہیں، ان پر 15 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد ہوگا، جبکہ نان فائلرز کے لیے یہ شرح 30 فیصد ہوگی۔

یہ شرحیں ہر سرمایہ کار کے لیے یکساں طور پر لاگو ہوں گی، چاہے سرمایہ کاری کسی بھی تاریخ کو کی گئی ہو یا منافع کی رقم کچھ بھی ہو۔

شارٹ ٹرم سیونگز سرٹیفکیٹس کو 2012 میں متعارف کرایا گیا تھا، اور یہ مختصر مدت کے لیے سرمایہ کاروں کی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے تیار کیے گئے تھے۔ یہ سرٹیفکیٹس تین، چھ اور بارہ ماہ کی مدت کے لیے دستیاب ہیں۔

یہ اسکیم پاکستانی شہریوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے کھلی ہے، جس میں کم از کم سرمایہ کاری 10,000 روپے سے شروع ہوتی ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔ سرمایہ کار ان سرٹیفکیٹس کو ضمانت کے طور پر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت نے 12 ستمبر 2024 کو مختلف قومی بچت اسکیموں اور سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح میں 1.22 فیصد تک کمی کر دی تھی۔

Interest Rate

Short Term Saving Certificates