Aaj News

8 فروری ہر سال آتا ہے، اس بار بھی آئے گا اور گزر جائے گا،، خواجہ آصف

عمران خان چاہتے ہیں کہ دوبارہ ان کو وزیراعظم بنا دیا جائے اور وہ وارداتیں شروع کردیں، وزیر دفاع
اپ ڈیٹ 08 فروری 2025 08:41am

وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ گھٹیا مقاصد کے لیے پی ٹی آئی لوگوں کو استعمال نہ کرے، عمران خان چاہتے ہیں کہ دوبارہ ان کو وزیراعظم بنا دیا جائے اور وہ وارداتیں شروع کردیں، جو بانی پی ٹی آئی کے ساتھ وارداتیں کرتے ہیں وہ مال ودولت لے کر باہر دوڑتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ 8 فروری ہر سال آتا ہے اس بار بھی آئے گا اور گزرجائے گا، جو بھی وہ کرنا چاہتے ہیں کریں ان کا حق ہے لیکن تشدد کی راہ نہ اپنائیں، توڑ پھوڑ نہ کریں ملک و قوم کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کریں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان چاہتے ہیں کہ دوبارہ ان کووزیراعظم بنا دیا جائے اور وہ اسی طرح سے وارداتیں شروع کر دیں، جو بانی پی ٹی آئی کے ساتھ وارداتیں کرتے ہیں وہ مال و دولت لے کر باہر دوڑتے ہیں۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ ملک متحمل نہیں کہ کسی حکمران کو لوٹ مار کرنے کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی سیاست کرے متشدد حربے نہ استعمال کریں، اپنے گھٹیا مقاصد کے لیے پی ٹی آئی لوگوں کو استعمال نہ کریں، عمران خان پہلے اپنی پارٹی کو سنبھالیں پھر کوئی اور بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کسی بھی جماعت نے اقتدار سے ہٹائے جانے پر بھی ملکی دفاعی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا، بانی پی ٹی آئی بد ترین حکمرانی کے بعد عدم اعتماد کی تحریک سے فارغ کیے جانے پر شہدا کی یادگاروں پہ حملہ آور ہوئے، دفاعی اداروں کی تضحیک شروع کی جو آج بھی جاری ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اداروں اور دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے بعد ملک دیوالیہ کرنے کی پوری کوشش کے بعد بھی اکاموڈیشن کی امید رکھنا احمقوں کی جنت میں رہنے جیسا ہے۔

PMLN

اسلام آباد

imran khan

Khuwaja Asif

Defence Minister

Khwaja Asif

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)