معروف گلوکار و میزبان فخر عالم کے گھر ڈکیتی میں چوکیدار اور کنٹریکٹ ملازم ملوث نکلے
کراچی کے علاقے درخشاں میں معروف گلوکار، ٹی وی میزبان اور اداکار فخر عالم کے گھر ایک ہفتہ قبل پیش آئی ڈکیتی کی واردات میں گھر کے چوکیدار اور کنٹریکٹ ملازم کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
پولیس کے مطابق واردات میں چوکیدار محمد لطیف، کنٹریکٹ ملازم و الیکٹریشن محمد ضیا اور دیگر 4 افراد ملوث تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد درخشاں پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے چوکیدار اور الیکٹریشن کو گرفتار کر لیا ہے۔
مدعی مقدمہ کے مطابق، ملزمان نے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، قیمتی گھڑیاں، ملکی و غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی سامان لوٹا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گھر اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اور عینی شاہدین کے بیانات کی مدد سے کیس پر کام کیا جا رہا ہے، واردات میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
فخر عالم نے 30 جنوری کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں اس واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے لکھا تھا کہ ’چیزیں میرے لیے کوئی معنی نہیں رکھتیں لیکن ذہنی سکون انمول ہے، میرا اصل نقصان ذہنی سکون کا ہے‘۔
انہوں نے لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ پولیس جلد مجرموں کو گرفتار کر لے گی۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔