بیڑی سُلگانے والے نے جلتی تیلی سڑک پر پھیلے پیٹرول پر پھینک دی

تیزی سے پھیلتی آگ کو لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بجھاکر بڑا نقصان ٹال دیا۔
شائع 21 اگست 2024 08:02pm

کبھی کبھی تھوڑی سے بے دھیانی اور بے احتیاطی کسی بڑی مصیبت کا سبب یا ذریعہ بن جایا کرتی ہے۔ بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں بھی کچھ ایسا ہی ہوتے ہوتے رہ گیا۔

جنوبی بھارت کی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع اننت پورہ میں ایک شخص نے سڑک پر بیڑی سُلگائی اور بے دھیانی میں فٹ پاتھ کے پاس ہی پھیلے ہوئے پیٹرول پر پھینک دی۔

جلتی تیلی پڑتے ہی پیٹرول آگ بھڑک اٹھی۔ آگ تیزی سے پھیلی ہوئی اور وہاں کھڑی ہوئی موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لیا۔

لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری طور پر آگ بجھائی اور یوں بڑا نقصان ٹل گیا۔ کسی شخص نے وہاں پیٹرول کا ڈرم رکھا تھا جس سے پیٹرول رِس رہا تھا۔ کافی دیر تک ڈرم رکھا رہنے سے اچھا خاصا پیٹرول وہاں پھیل چکا تھا۔

جس شخص نے بیڑی سُلگائی اُس نے یہ بھی نہیں دیکھا کہ وہ جہاں کھڑا ہے وہاں پیٹرول پھیلا ہوا ہے۔ وہ شخص باتوں میں اِتنا مگن تھا کہ پیٹرول کی بُو بھی محسوس نہ ہوئی۔

باتیں کرتے کرتے اُس نے بجھی ہوئی بیڑی سُلگائی اور جلتی تیلی اپنے پاؤں کے پاس ہی پھینک دی جہاں پیٹرول پھیلا ہوا تھا۔