لیب میں تیار ہونے والا گوشت مسلمانوں کیلئے حلال قرار لیکن شرط بھی عائد

ایسا گوشت حلال جانور کے خلیوں کا ہونا چاہیے، سنگاپور کے مفتی ڈاکٹر نذیر الدین ناصر کا فتوٰی
شائع 04 فروری 2024 04:20pm

سنگاپور کے مفتی ڈاکٹر نذیر الدین محمد ناصر نے لیباریٹری میں تیار کیے جانے والے گوشت کو حلال قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ گوشت حلال خلیوں سے تیار کیا ہوا ہونا چاہیے۔

ڈاکٹر نذیرالدین ناصر کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اس بات کا مظہر ہے کہ فتوٰی دینے کے لیے کی جانے والی تحقیق کو کس طور جدید ٹیکنالوجی اور سماجی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ تبدیلی ہونا ہے۔

سنگاپور کے مسلمان کسی بھی لیب میں تیار کیا ہوا گوشت اُسی وقت استعمال کرسکیں گےجب یہ معلوم ہو کہ یہ گوشت کسی حلال جانور کے خلیوں سے تیار کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں حتمی اجزائے ترکیبی میں بھی کسی حرام جانور کے خلیے شامل نہیں ہونے چاہئیں۔

سنگاپور میں مسلم امور کے انچارج وزیر ماساگوز ذولقفلی نے میڈیا کو بتایا کہ دی اسلامک ریلیجیس کاؤنسل آف سنگاپور لیب میں تیار کیے جانے والے گوشت کے معاملے پر 2022 سے غور و خوض کر رہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ سنگاپور شاید پہلا ملک ہو جہاں اس بات کا اہتمام کیا جائے کہ مسلمان لیباریٹری میں تیار کیا ہوا ایسا گوشت کھائیں جو حلال جانور کے خلیوں سے تیار کیا گیا ہو۔

سنگاپور اب پہلا ملک ہے جہاں مسلمانوں کو لیب میں تیار کیا ہوا گوشت کھانے کی فتوے کے ذریعے اجازت دی گئی ہے۔