Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
17 Ramadan 1445  

تیز رفتار گاڑی کے ٹکرانے سے عمارت منہدم

افسوسناک حادثے کی ویڈیو میں دو گاڑیوں کو آپس میں ٹکراتے اور عمارت میں گھستے دیکھا جاسکتا ہے۔
شائع 04 مارچ 2023 10:15pm

پولیس سے پیچھا چھڑانے کی کوشش میں ایک کار کنٹرول کھو کر عمارت سے ٹکرا گئی، جس کی وجہ سے عمارت کا ڈھانچہ جزوی طور پر منہدم ہو گیا اور نتیجتاً ایک راہگیر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

امریکی ریاست میریلینڈ کے شہر بالٹی مور میں 8 فروری کو پیش آنے والے واقعے میں کئی دیگر بھی زخمی ہوئے۔

بالٹیمور پولیس ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ ایسٹ نارتھ ایونیو اور نارتھ وولف اسٹریٹ پر ایک کار گھر سے ٹکرائی، جس کے نتیجے میں ایک راہگیر زخمی ہوا جسے تشویش ناک حالت میں جانز ہاپکنز اسپتال منتقل کیا گیا۔

جائے وقوعہ سے سامنے آںے والی ویڈیوز میں 40 سے زیادہ فائر فائٹرز، ہنگامی عملے اور کم از کم چار فائر ٹرکوں کو عمارت سے اینٹوں اور ملبے کو ہٹانے میں مدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

مقامی خبر رساں ادارے WBAL کے مطابق، یہ حادثہ رات 9 بجے سے کچھ دیر پہلے پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق، حکام نے رات کو تقریباً ساڑھے دس بجے ملبے سے دو سیڈان گاڑیوں (ایک کالی اور ایک سرخ) کو نکالا۔

اب، میری لینڈ آفس آف اٹارنی جنرل کی طرف سے پریشان کن فوٹیج جاری کی گئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کالی سیڈان تیزی سے سڑک پر دوڑتی ہوئی آئی اور سرخ گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کی وجہ سے دونوں بے قابو ہو کر عمارت سے ٹکرا گئے۔

باڈی کیم فوٹیج میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ ایک افسر اپنی بندوق تانے کالی سیڈان کے قریب آ رہا ہے، جس کے عقب میں ایک شخص کھڑکی میں ہاتھ اٹھائے کھڑا ہے۔

بالٹی مور بینر کے رپورٹر جسٹن فینٹن نے تصدیق کی کہ فائر فائٹرز نے ایک متاثرہ شخص کو بحفاظت بچا لیا، جسے اسٹریچر پر لے جایا گیا تھا۔ بالٹی مور سن کے رپورٹر ڈین بیلسن نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا مرد تھا۔

Viral Video

Baltimore Car Crash

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div