Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

عمران خان کے خلاف واضح ثبوت موجودہیں، مریم اورنگزیب

تحقیقات کومنطقی انجام تک پہنچایا جائے گا
شائع 03 اکتوبر 2022 02:11pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کےخلاف واضح ثبوت موجود ہیں، بیرونی سازش کا پورا کھیل بے نقاب ہوگیا۔

سائفر کے معاملے پرچیئرمین پاکستان تحریک انصاف کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنی پریس کانفرنس میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے ملکی سلامتی کے ساتھ کھیل کھیلا، کابینہ کی سب کمیٹی نے آڈیولیکس پر ایف آئی اے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، تحقیقات کومنطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

عمران خان اور ان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے مابین سامنے آنے والی مبینہ آڈیولیک کے نکات واضح کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر7 تاریخ کو سائفرآگیا تھا تو اس وقت قوم کوکیوں نہ بتایا کہ سازش ہورہی ہے، یہ 27 تاریخ کو اس وقت بتایا جب علم ہوگیا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہورہی ہے اوراقتدارجارہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیاست اورکرسی کی خاطر آئین توڑنے پرشرم آنی چاہیے، قوم ایسے غدارکو معاف نہیں کرے گی، عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں افراتفری پیدا کی، اتحادی چھوڑ گئے تو پھرسازش گھڑی لیکن اب بیرونی سازش کا پورا کھیل بے نقاب ہوچکا ہے۔ آڈیو لیکس نے سازش کی قلعی کھول دی۔

عمران خان کے بیانیے پرتنقید کرنےوالی مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ، حقیقی آزادی والے نے کہا،امریکا کا نام نہ لینا، آپ کو پتا تھا، آپ سلامتی سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ آپ نے عوام کو گمراہ کیا، انارکی پھیلانے کی کوشش کی۔ پہلے سازش بنائی، پھر کھیلنے کی بات کی۔ سیاست و کرسی کی خاطر آئین توڑا، اسپیکر و صدر سے آئین شکنی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈال کر اقتدارمیں آنے والے عمران خان کی پوری سیاست ہی بیساکھیوں پرمبنی ہے، سیاست خیرات کے پیسے اور دوسروں کے سہارے سےکی، اب ڈرکیوں لگ رہا ہے کیونکہ پہلی بارسیاست اپنے بل بوتے پرکرنا پڑرہی ہے۔ آپ نے جس کرپشن کا بار بارذکرکیا، 4سال میں ثبوت کیوں نہ دیا، 4 سال ریاست طاقت کا استعمال کیا گیا، نیب نیازی گٹھ جوڑ بنا تواب این آراو کی بات کیوں کررہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ 28 اور30ستمبر کو لیکس آئیں، سائفر پر کابینہ میٹنگ میں تفصیلی بات ہوئی۔ اسے پبلک نہیں کیا جاسکتا اس لیے منٹس میں تبدیل کر کے کھیل کھیلنے کا تماشا کیا گیا، یہ معاملہ اب قومی سلامتی اور آئین کا ہے۔ عمران خان کا اقدام کرمنل کے زمرے میں آتا ہے، اب واضح ثبوت موجود ہیں، تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا عمران خان سے بات کرتے ہوئے دوسرے ملک ڈرتے ہیں، انہیں خوف ہوتا کہ بات کو کیسے پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 4 سال طیبہ گل کی ویڈیو کے معاملے پر چیئرمین نیب کو بلیک میل کر کے سیاسی مقدمات بنوائے گئے، مریم نواز کا پاسپورٹ ضبط کیا گیا، کیا اس کو این آر او کہتے ہیں، ایک فارن ایجنٹ عدالت کو دہائیاں دے رہاہے۔ قوم عمران جیسے شخص کو معاف نہیں کرے گی، ایسے انسان کو تو عبرت کا نشان بنانا چاہیے۔

pti

PMLN

پاکستان

Marriyum Aurangzeb

imran khan

Cypher

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div