Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
18 Ramadan 1445  

میٹا ورس کی دنیا: جہاں ایک ہی جگہ سے شاپنگ ہو یا شادی سب کیا جا سکتا ہے

اگر آپ ٹیکنالوجی کی دنیا سے دلچسپی رکھتے ہیں تو یقیناً لفظ میٹاورس سے واقف ہوں گے۔
اپ ڈیٹ 24 مئ 2022 07:15pm

اگر آپ ٹیکنالوجی کی دنیا سے دلچسپی رکھتے ہیں تو یقیناً لفظ میٹاورس سے واقف ہوں گے۔

کچھ لوگ اسے ٹیکنالوجی کا مستقبل قرار دے رہے ہیں۔ ان میں فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ سب سے آگے ہیں۔ انہوں نے فیس بک کا نام ہی تبدیل کرکے میٹا رکھ دیا ہے۔

مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ “میٹاورس انٹرنیٹ کی ایسی دنیا ہے جس میں آپ اسے صرف دیکھ نہیں رہے ہوتے بلکہ اس کا حصہ ہوتے ہیں۔”

لیکن حقیقت میں میٹاورس ہے کیا؟

اگر سادہ لفظوں میں کہا جائے تو میٹاورس ایک ایسی دنیا ہے جس میں نہ صرف گیمز کھیلے جاسکتے ہیں بلکہ اس کے اندر ملاقاتیں کی جاسکتی ہیں اور کام بھی کیا جاسکتا ہے۔ پہلے ہم جو کچھ انٹرنیٹ کے ذریعے کمپیوٹر اسکرین پر صرف دیکھ سکتے تھے اب خود اس کا حصہ بن سکیں گے۔

میٹاورس کو ایک ایسا مشترکہ ورچوئل اسپیس کہا جاسکتا ہے جو آئن لائن موجود ہے اور ہم اس کا حصہ ہوں گے۔ ہم اپنا تھری ڈی ایواٹار یا اپنا تھری ڈی روپ حاصل کر کے میٹاورس کی دنیا میں موجود ہوں گے۔

فورٹ نائٹ یا روب لوکس جیسے آن لائن گیمز کو میٹاورس کی ابتدائی شکل کہا جاسکتا ہے جہاں گیم کھیلنے والے کا اپنا ایواٹار ہوتا ہے جس کے ذریعے وہ گیم کھیلنے والے دیگر افراد کا مقابلہ کرتے ہیں۔

یہ ساری باتیں اپنی جگہ لیکن آپ میٹاورس کی دنیا میں کریں گے گیا؟ اس کا جواب ہے تقریباً وہ سب کچھ جو آپ اپنی حقیقی زندگی میں کرتے ہیں۔ آپ اپنے ورچوئل ورک اسپیسس میں کام کرسکتے ہیں، زمین خرید سکتے ہیں، پارٹیز منعقد کرسکتے ہیں، کنسرٹس میں شریک ہوسکتے ہیں یہاں تک کہ اپنے ڈیجیٹل ایواٹار کے ذریعے شادی بھی کرسکتے ہیں۔ آپ ہر جگہ اپنے ایواٹار کے ذریعے موجود ہوں گے۔

اس نئی ایجاد کے بعد کمپیوٹر استعمال کرنے کے بجائے میٹاورس کی ورچوئل دنیا میں جانے کے لیے آپ کو ایک ہیڈسیٹ استعمال کرنا ہو گا اور اس سے آپ تمام ڈیجیٹل انوائرنمنٹس سے رابطہ قائم رکھ سکیں گے۔

اتنی ساری اچھی اچھی باتوں کے علاوہ میٹاورس کے کچھ منفی پہلو بھی ہوسکتے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے میٹاورس نگرانی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ کیونکہ جس کمرے میں بیٹھ کر میٹاورس استعمال کرتے ہیں اس میں موجود اشیاء اور اس کی شکل و صورت، میٹاورس استعمال کرنے والے کی آنکھوں اور ہاتھوں کی حرکات سمیت مختلف اشیاء کے ذریعے ڈیٹا حاصل کیا جاسکتا ہے۔

ایک سوال یہ بھی ہے کہ میٹاورس کی نگرانی کون کرے گا اس کا سسٹم کس کے ہاتھ میں ہوگا۔ اس طرح کے مختلف سوالات ہیں جو جواب طلب ہیں۔

ابھی تک تو یہ میٹاورس ایک معمہ ہے تاہم اسے مستقبل کی حقیقت قرار دیا جارہا ہے۔ یہ انٹرنیٹ کا مستقبل ہے۔ ماہرین کے مطابق انٹرنیٹ اور میٹاورس میں فرق ایسا ہی ہوگا جیسے 1980کے موبائل فون اور آج کے اسمارٹ فون میں ہے۔

فیس بک

Mark Zuckerberg

Science and Technology

Metaverse

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div