اپ ڈیٹ 03 مارچ 2026 03:35pm

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات عالمی تیل منڈی پر بھی ظاہر ہونے لگے، لندن برینٹ کروڈ اور امریکی خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ عالمی مالیاتی ادارے نے قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا۔

عالمی منڈی میں لندن برینٹ کروڈ کی قیمت میں 2 ڈالر 48 سینٹس اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 80 ڈالر 22 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔ اپریل کے لیے امریکی خام تیل کے سودے 72 ڈالر 49 سینٹس فی بیرل میں طے پا رہے ہیں تاہم قمیت میں ایک ڈالر 26 سینٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مالیاتی ادارے جے پی مورگن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سپلائی میں ممکنہ کمی اور جاری سیاسی تناؤ کی وجہ سے تیل کی بین الاقوامی قیمتیں 120 ڈالر فی بیرل تک بڑھ سکتی ہیں۔

ادارے کے مطابق اگر مشرق وسطیٰ میں صورت حال مزید بگڑتی ہے تو اس کے اثرات توانائی کی عالمی قیمتوں پر بھی مرتب ہوں گے، جس سے عالمی منڈیوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمد و رفت بند کردی ہے جہاں سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔

برطانوی بحری تجارتی آپریشنز مرکز کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب کم از کم تین جہازوں پر حملوں کی اطلاعات ہیں، جبکہ 150 سے زائد ٹینکرز نے خلیجی پانیوں میں لنگر انداز ہو کر انتظار شروع کر دیا ہے۔

Read Comments